وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کی پی ٹی آئی کے حنید لاکھانی سے کراچی میں ملاقات
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی سے تحریک انصاف کے رہنماحُنید لاکھانی نے کراچی میں ملاقات کی۔ صوبائی وزیر نے حنید لاکھانی کی دعوت پر سوئیٹ ہومز، وائس آف سندھ، آواز بے زبان اور دیگر دفاتر کا بھی دورہ کیا اور بچوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی اصلاحات کی بدولت صوبہ سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، جہاں حکومت کی جانب سے سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات پرخیبرپختونخوا حکومت ہاؤسنگ کے شعبے میں انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہیں، جبکہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار بھی ہاوسنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق صوبے میں بے گھر اور کم آمدن والے افراد کو چھت کی سہولت فراہم کی جائیگی۔ حنید لاکھانی نے خیبرپختونخواہ حکومت کی جانب سے عوامی فلاح وبہبود کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ماضی کی حکومتوں سے ہٹ کر عوامی بہتری کے لیے بہترین منصوبے شروع کئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں خیبرپختونخوا کا امن وامان بحال ہوا ہے، اور سیاحت کو فروغ حاصل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں سیا حت کا شعبہ آنے والے وقتوں میں مزید بہتر ہوگا جس سے صوبے کی معاشی حالت بہتر ہوگی اور آمدن میں اضافہ ہوگا۔