نشئی افراد کے علاج معالجہ پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے،ڈی سی ملاکنڈ
پشاور(سٹاف رپورٹر)چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز اور کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض خان محسود کی خصوصی ہدا یات پر ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز ریحان خٹک نے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ نشئی افراد کے صحیح معنوں میں علاج معالجے پر خصوصی توجہ دیں تاکہ وہ صحت مند ہوکر معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔یہ ہدایات انھوں نے موضع تھانہ میں نشئی افراد کی بحالی سنٹر کے دورے کے دوران دیں جبکہ ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رحمت علی وزیرکے علاوہ ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر ملاکنڈ بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے نشئی افراد کی بحالی سنٹر کا تفصیلی معائنہ کیا اس موقع پر انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے ملاکنڈ کو ہر قسم کی منشیات کی لعنت سے پاک صاف کرنے کا پختہ عزم کر رکھا ہے اور اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ساتھ ساتھ لیویز فورس بھی الرٹ کردیا گیا ہے تاکہ منشیات کے کاروبار کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جاسکے اور ڈرگزکے کاروبارمیں ملوث افراد کو عبرتناک سزائیں دینے سے بھی دریغ نہیں کیا جائیگا انہوں نے زیر علاج نشئی افراد سے کہا کہ وہ عہد کریں کہ آئندہ کیلئے نشے سے توبہ کرکے صحت مند زندگی گزاریں گے اور دوبارہ کبھی بھی نشہ نہیں کریں گے۔