نبی کریم ؐ کی زندگی ہمارے لیے نمونہ حیات ہے،امیر عبدالقدیر اعوان
پشاور(سٹی رپورٹر)تنظیم الاخوان پاکستان نے کہا ہے کہ مخلوق کی خالق سے آشنائی کا سبب نبی کریم ﷺ کی ذات اقدس ہیں۔نبی کریم ﷺ نے ہی اللہ کریم کا ذاتی کلام قرآن کریم اللہ کی مخلوق تک پہچایا اور اس پر من وعن عمل کر کے دیکھایا۔آپ ﷺ کی زندگی ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے۔آپ ﷺ کی زندگی میں کوئی پہلو ایسا نہیں ہے جس میں کوئی تشنگی رہ گئی ہو عمومی زندگی سے لے کر ریاست تک کے تمام امور کی راہنمائی ہمیں نبی کریم ﷺ کی حیات مبارکہ سے ملتی ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان اصولوں کو اپنائیں جو نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمائے ہیں۔ان خیالات کا اظہار امیر عبدالقدیر اعوان نے گزشتہ روز جمعتہ المبار ک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ ﷺ کی ذاتی زندگی سے لے کر اجتماعی زندگی کا بغور جائزہ لیا جائے جس میں کاروباری حیات سے لے کر ازدواجی زندگی تک کے تمام پہلو موجود ہیں کوئی جگہ ایسی نہیں جس سے ہم اپنے لیے راہنمائی حاصل نہیں کر سکتے۔جبکہ یہ دنیا امتحان گاہ ہے اللہ کریم نے کسی کو پابند نہیں فرمایا بلکہ چوائس دی ہے کہ چاہے تو شکر کا راستہ اختیار کرو چاہے نا شکری کا۔اگر اللہ کریم یہ شرط عائد فرما دیتے کہ جس نے نماز نہ پڑھی اس کو کھانا نہیں ملے گا تو کون ہے جو نماز ترک کر دیتا۔یا یہ فرما دیا جاتا کہ جو اطاعت نہیں کرے گا اس کی بینائی لے لی جائے گی تو کون انکار کرتا لیکن وہ رب ہے جو ہر ایک کی ہر ضرورت ہر جگہ پوری فرما رہا ہے چاہے کوئی اس کو رب مانے یا انکار کرے یہ اس کی شان ربوبیت ہے یہی تو امتحان ہے کہ ہر ایک کو فیصلہ کا اختیار دے دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانی مزاج ایسا ہے کہ اس میں تبدیلی آتی رہتی ہے ایک جیسا نہیں رہتا لہذا اسے کوئی ایسی ہستی درکار ہے جو اس کی حدود و قیود مقرر کرے آخر میں انہوں نے مسلم امہ کے اتحاد کی خصوصی دعا فرمائی۔