سی سی پی او کی زیرصدارت اجلاس، سکیورٹی پلان کاجائزہ
لاہور(کرائم رپورٹر) سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کی زیرصدارت پولیس افسروں کے اجلاس میں پی ایس ایل سکیورٹی پلان کا حتمی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید، سی ٹی او حماد عابد، ایس ایس پی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر، ایس ڈی پی اوز نے بھی شرکت کی۔ سی سی پی او نے ہدایت کی کہ پی ایس ایل ایونٹ کے دوران سرچ آپریشنز مسلسل جاری رکھے جائیں۔ مہمان کھلاڑیوں کو سٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیا ہے۔ غیرملکی کھلاڑی صرف بلٹ پروف گاڑیوں میں نقل و حرکت کریں گے۔
انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ قوم سپورٹس ایونٹس کے لئے پولیس کی صلاحیتوں پر اعتماد کر رہی ہے، سکیورٹی میں رینجرز اور پاک فوج بھی ہمارے ساتھ ہوں گے تاہم قائدانہ کردار پولیس ہی ادا کر رہی ہے۔ کسی غفلت یا سستی کی کوئی گنجائش نہیں۔ ذوالفقار حمید نے کہا کہ لاہور میں پی ایس ایل کے سب سے زیادہ میچز ہوں گے۔ صرف میچز کے دوران نہیں بلکہ کرکٹ کھلاڑیوں کی پریکٹس کے دوران بھی سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔ انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ ہوٹل سے کھلاڑیوں کی سٹیڈیم منتقلی کے دوران روٹ پر کسی وینڈر کو کھڑا ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔ سکیورٹی کو مزید موثر بنانے کے لئے ہیلی کیم یا ڈرون کے استعمال پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ سی سی پی او نے کہا کہ پارکنگ پر سکیورٹی کو ہلکا نہ لیا جائے بلکہ ہر قسم کی گاڑی یا موٹر سائیکل کو چیک کرکے داخل ہونے دیا جائے۔