طلبہ کی موثر تربیت سے سماجی اقدار کو تحفظ ملے گا،ہاشم ڈوگر

      طلبہ کی موثر تربیت سے سماجی اقدار کو تحفظ ملے گا،ہاشم ڈوگر

  



لاہور (پ ر) صوبائی وزیر برائے بہبود آبادی کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی نوجوان نسل کی نصابی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی مثبت تربیت پر بھی خصوصی توجہ دینی چاہیئے جس سے ملک کامستقبل روشن اور تابناک ہو سکے گاان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے زیر اہتمام منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ طلبا کی سماجی تربیت سے نا صرف ہم نوجوان نسل کا حال اور مستقبل محفوظ بنا سکیں گے بلکہ اس سے سماجی اقدار کو بھی فروغ حاصل ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے نوجوان روایتی طریقہ تعلیم کے مطابق نمبر حاصل کرنے کی دوڑ میں مصروف ہیں جس سے وہ امتحانی ضروریا ت کو تو پورا کر رہے ہیں لیکن وہ مناسب تربیت سے محروم رہ جاتے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہاکہ موجودہ حکومت نظام تعلیم کو یکسر تبدیل کرنے کے حوالے سے جلد اہم اقدامات اٹھائے گی اور اس ضمن میں آٹھویں جماعت تک طلبا کو کسی بھی امتحانی عمل سے نہیں گزرنا پڑے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ میٹرک کے امتحان کا جائزہ بھی طلبا کی کارکردگی کی بنا پر ہوا کرے گا۔اس موقع پر کرنل ہاشم ڈوگرنے یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے تقریب کے انعقاد کو سراہا اور کامیاب طلبا کو مبارکباد پیش کی۔قبل ازیں طلبا نے مختلف خاکے اور نغمے پیش کیے جن کو خوب سراہا گیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1