تحریک انصاف کے11ہزار عہدیدار کل حلف اٹھائیں گے
لاہور(سٹی رپورٹر) مینار پاکستان کے سائے میں کل بروز اتوار ہونے والے تحریک انصاف کے تنظیمی کنونشن میں 11ہزار عہدیداران حلف برداری تقریب میں شرکت کریں گے جس کے لیے تمام انتظامات سینٹرل پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری کی زیر نگرانی مکمل ہو چکے ہیں ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف پی پی 42 کے پارٹی ٹکٹ ہولڈر،سینٹرل پنجاب کے جوائنٹ سیکرٹری قاری ذوالفقارعلی سیالوی نے روز نامہ ”پاکستان“ کو خصوصی انٹرویومیں کیا۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہناتھا کہ کل ہونے والے اس کنونشن میں سینٹرل پنجاب کی تمام یونین کونسلوں کے 11ہزار نمائندگان سے چیف آرگنائزر پاکستان سیف اللہ نیازی حلف لیں گے جس کے لیے سینٹرل پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری اور ان کی تمام ٹیم نے اس کنونشن کے لیے دن رات ایک کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کل اتنی بڑی حلف برداری کی تقریب ہو گی۔ ذوالفقار سیالوی نے مزید کہا کہ اسی کنونشن کے ذریعے جلد ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے ان نمائندگان کی باقاعدہ ٹریننگ کا بھی آغاز ہو جائے گا۔
اور بلدیاتی الیکشن میں پارٹی کا ہر عہدیدار اس تربیت کے ذریعے کامیاب ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اس کنونشن کے حوالے سے پورے سینٹرل پنجاب میں جوش وخروش قابل رشک ہے، ہم اپنے تما م عہدیداران کی حوصلہ افزائی کریں گے اور ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔
ذوالفقار سیالوی