اقوام متحدہ مسلمانوں نہیں بڑی طاقتوں کا محافظ ہے،اشرف جلالی

اقوام متحدہ مسلمانوں نہیں بڑی طاقتوں کا محافظ ہے،اشرف جلالی

  



لاہور (نمائندہ خصوصی)تحریک لبیک یارسول اللہؐ کے زیر اہتمام مرکز صراط مستقیم رضائے مجتبیٰ میں آواز حق کانفرنس علامہ محمد ادریس جلالی کی صدارت میں ہوئی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہ ؐ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہاکہ اقوام متحدہ کشمیریوں،فلسطینیوں کے نہیں بڑی طاقتوں کے مفادات کا محافظ ہے۔

آج کے ماڈرن دور میں بھی جس کی لاٹھی اس کی بھینس والا قانون ہی عملا نظر آرہا ہے۔یو این کے جنرل سیکرٹری کی مسئلہ کشمیر کے حل کے لحاظ سے بے بسی مودی کو کھلی چھٹی دینے کے مترادف ہے۔

جو اقوام متحدہ 72سالوں میں کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کے بارے میں اپنی منظور کردہ قراردادوں پر عمل نہیں کرواسکی اس ادارے سے کیا توقع کی جاسکتی ہے۔لیگ آف نیشنز کی طرح اقوام متحدہ کا ادارہ بھی اپنی حیثیت کھو چکا ہے کشمیریوں،فلسطینیوں اور روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کو روکنے میں کبھی بھی اقوام متحدہ کے ہاتھ متحرک نہیں ہوئے جبکہ یہی ہاتھ بڑی طاقتوں کے مفادات کی جنگ ہر وقت لڑتے ہیں۔ٹرمپ اگرچہ مسئلہ کشمیر کیلئے پانچویں بار اپنی ثالثی کی پیشکش کر چکا ہے مگر ٹرمپ سے کشمیری مسلمانوں کیلئے خیر کی توقع کرنا اپنے آپ کو فریب دینا ہے۔عالمی برادری کو قیامت تک کشمیریوں،فلسطینیوں پر ہوتے مظالم نظر نہیں آئیں گے۔امت مسلمہ کوباہمی اتحاد سے اپنے مسائل حل کرنا ہوں گے۔اگر مسلم ممالک بھارت میں اپنی سرمایہ کاری کی بجائے دینی رشتہ کی طرف داری کریں تو کشمیر کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔امریکہ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کا پاٹنرہے اور بھارت کے ساتھ اس کے دفاعی معاہدے ہیں اسکی دلچشپی خطے سے آگ بجھانے میں نہیں،آگ لگانے میں ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1