وکلاء ہمارے معاشرے کا بڑا اہم جزو ہیں،پرویزالٰہی

  وکلاء ہمارے معاشرے کا بڑا اہم جزو ہیں،پرویزالٰہی

  



لاہور(جنرل رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ وکلاء ہمارے معاشرے کا بڑا اہم جزو ہیں، معاشرے کی اصلاح میں وکلاء کو اپنا کردار فعال کرنے کی ضرورت ہے، عدالتوں کے ذریعے وکلاء عوام کو فوری اور سستا انصاف کے حصول میں معاونت کرتے ہیں، وکلاء نے ہمیشہ قانون کی بالادستی کیلئے کام کیا ہے۔گزشتہ روز وفد کے ہمراہ ملاقات کیلئے آئے وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل چودھری محمد اکرم سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میری کوشش ہو گی کہ بار کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ ہماری ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ عوام کو انکے بنیادی حقوق بغیر کسی رکاوٹ کے ملیں لہٰذا تمام شعبہ ہائے زندگی کو یکساں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے نہ صرف اقدامات کئے بلکہ ان پر عملدرآمد بھی کروایا۔علاوہ ازیں چودھری پرویزالٰہی نے کینیڈا کی رکن اسمبلی سلمیٰ زاہد کو کینیڈین سٹینڈنگ کمیٹی برائے سٹیزن شپ اور امیگریشن کی چیئرپرسن منتخب ہونے پر فون کر کے مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی دیگر ممالک میں اپنی خدمات پیش کرکے پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ سلمیٰ زاہد نے چودھری پرویزالٰہی سے سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی طبیعت کے متعلق دریافت کیا اور اپنی کمیٹی اور دیگر ارکان اسمبلی کے ہمراہ پاکستان کے دورے کی خواہش کا اظہار کیا۔

پرویز الہٰی

مزید : صفحہ آخر