علاقائی میری ٹائم سکیورٹی میں پاک بحریہ کا کردار مسلمہ، ایڈمرل ظفر عباسی

  علاقائی میری ٹائم سکیورٹی میں پاک بحریہ کا کردار مسلمہ، ایڈمرل ظفر عباسی

  



اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے زیر اہتمام لیڈرشپ اور سکیورٹی کے موضوع پر جاری بین الاقوامی ورکشاپ کے شرکا نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور انہیں میری ٹائم سکیورٹی سے متعلق پاک بحریہ کے چیلینجز اور ردعمل کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔بات چیت کے دوران خطے کی بدلتی سکیورٹی صورتحال اور سمندری دہشتگردی جیسے خطرات سے نمٹنے کیلئے پاک بحریہ کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے ورکشاپ کے شرکا کو آگاہ کیا گیا۔خصوصی طور پر شرکا کی توجہ اس بات پر مبذول کرائی گئی کہ پاک بحریہ کا بحری بیڑہ سمندر ی امور سے متعلق وسیع خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔بعد ازاں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے شرکا کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے علاقائی میری ٹائم سکیورٹی میں پاک بحریہ کی کاوشوں کو اجاگر کیا۔انہوں نے چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری کیساتھ ساتھ گوادر بندرگاہ کی ترقی اور میری ٹائم سیکٹر کے ترجیحی شعبوں میں استعداد کار بڑھانے کے حوالے سے پاک بحریہ کی بڑھتی ہوئی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔ورکشاپ کے شرکا جن میں اراکین اسمبلی، سفارتکار اور ملکی و غیر ملکی سرکاری افسران شامل تھے نے خطے میں سمندری تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پاک بحریہ کی طرف سے کی جانیوالی کوششوں کو سراہا۔

ایڈمرل ظفر عباسی

مزید : صفحہ آخر