پی ایس ایل فائیو، پشاور زلمی کو کراچی کنگز، لاہور قلندر ز کو ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست

    پی ایس ایل فائیو، پشاور زلمی کو کراچی کنگز، لاہور قلندر ز کو ملتان سلطانز ...

  



کراچی (سپورٹس رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020ء کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے ہرا دیا۔ پانچویں ایڈیشن میں میزبان ٹیم نے ایونٹ میں اپنی پہلی فتح حاصل کی۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہونیوالے پی ایس ایل کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کو ترجیح دی۔ کراچی کنگز کی طرف سے ٹیم کا آغاز شرجیل خان اور بابر اعظم نے کیا۔تیسرے اوور کی آخری گیند پر حسن علی کی گیند پر شرجیل میمن 25 کے مجموعی سکور پر شعیب ملک کو کیچ تھما بیٹھا۔ انہوں نے 11 گیندوں پر 19 رنز بنائے۔ ون ڈاؤن بیٹسمین ڈیلپورٹ نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر سکور آگے بڑھایا، دونوں بیٹسمینوں نے سکور کو 73 کے مجموعی سکور تک پہنچایا، اس دوران ڈیلپورٹ 9 ویں اوورز میں 16 گیندوں پر 20 رنز بنا کر محمد محسن کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ بابر اعظم نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ففٹی مکمل کی۔ کراچی کنگز نے مقررہ بیس اوورز میں 201 رنز بنائے۔ حسن علی نے دو جبکہ محمد محسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی طرف سے بیٹنگ کا آغاز کامران اکمل اور ٹام بیٹن نے کیا۔ دونوں بیٹسمینوں نے دو اوورز میں خطرناک انداز اپناتے ہوئے 26 رنز بنائے تاہم ٹام بنٹن 13 رنز بنا کر جورڈن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ پشاور زلمی کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنا سکی۔ لیونگسٹون 29 گیندوں پر 54 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کراچی کی طرف سے جورڈن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

کراچی کنگز

لاہور (افضل افتخار)پی ایس ایل کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو ہوم گراؤنڈز پر شکست دیدی۔تفصیلات کے مطابق ملتان سلطانز نے لاہور قلندر کیخلاف پہلے ٹاس جیت کر باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔لاہور قلندرز کی طرف سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے کرس لائن نے کیا جبکہ ملتان سلطانز کی طرف سے پہلا اوور سہیل تنویر نے کیا۔ لاہور قلندرز نے بیس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے۔ عمران طاہر، معین علی اور محمد الیاس نے دو،دو جبکہ سہیل تنویر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی طرف سے اوپننگ کے لیے کپتان شان مسعود اور جیمز وینس نے کیا۔ ملتان سلطانز نے 17 ویں اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔ خوشدل شاہ 6 اور شاہد آفریدی نے 21 رنز بنائے۔ شاہین آفریدی اور ڈیوڈ وائز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔میچ میں عمدہ باؤلنگ کرنے پر ملتان سلطانز کے عمران طاہر کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ہفتہ کو لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں نیشنل سٹیڈیم کراچی جبکہ دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں قذافی سٹیڈیم لاہور میں مدمقابل آئیں گی۔

ملتان سلطانز

مزید : صفحہ اول