پنجاب بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: عثمان بزدار

پنجاب بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: عثمان ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، لیہ میں مفاد عامہ کی 2284 سکیموں پر 18 ارب 77 کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں، ترقی کے دائرے میں شامل کرکے لیہ کو اس کا حق لوٹائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہاؤس لیہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں امن عامہ کی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکومت نے لیہ کے عوام کو بھی زبانی جمع خرچ سے بہلایااور سابق حکمرانوں نے ترقیاتی منصوبوں میں نظر انداز کرکے لیہ کے عوام کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھا۔ ہمارے دور میں لیہ کی محرومیاں دور ہوں گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لیہ کے علاقے چوبارہ میں انڈسٹریل سٹیٹ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں تیزی اقدامات کیے جائیں گے جبکہ لیہ اورتونسہ کو موٹر وے کے ساتھ منسلک کرنے کیلئے اقدامات کریں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں اوپن ڈور پالیسی پر سختی سے عملدر آمد کرایا جائے اورافسران عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔دریں اثناء احساس پروگرام کے”میرا کاروبار میری آمدنی“ کے تحت مستحق افراد میں اثاثہ جات کی تقسیم کی افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مظفر گڑھ کے علاقے چوک سرور شہید کو تحصیل کا درجہ دینے اور پنجاب میں بھی احساس پروگرام کے اجراء کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت 12ارب روپے کی لاگت سے احساس پروگرام شروع کرے گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ احساس آمدن پروگرام سے 18لاکھ افراد براہ راست مستفید ہوں گے جبکہ64لاکھ افرادکو بالواسطہ فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام وزیراعظم عمران خان کے قابل قدر وژن کا عکاس ہے،احساس آمدن پروگرام غربت کے خاتمے اورفلاحی ریاست کی جانب ایک بہت بڑا قدم ہے اور اس پروگرام کی تکمیل سے حقیقی فلاحی ریاست کاخواب ضرور شرمند ہ تعبیر ہوگا۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے کوہ سلیمان کا اچانک دورہ کیا،وزیر اعلی عثمان بزدار بغیر اطلاع مبارکی اورمٹ چانڈیہ پہنچے توانہیں دیکھ کر لوگوں کو خوشگوار حیرت ہوئی،قبائلی لوگوں نے عثمان بزدار زندہ باد کے نعرے لگائے- وزیراعلیٰ عثمان بزدارقبائلی لوگوں کے ساتھ پتھریلی زمین پر بیٹھ گئے اور ان میں گھل مل گئے اور مسائل سنے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے قبائلی علاقے کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -