روس ٹرمپ کو دوبارہ صدر منتخب کرانے کیلئے کوشاں

روس ٹرمپ کو دوبارہ صدر منتخب کرانے کیلئے کوشاں

  



واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف) امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے خبردار کیا ہے کہ روس ایک مرتبہ پھر نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کو دوبارہ صدر منتخب کرانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کے انٹیلی جنس چیف جوزف میگوائر نے اس سلسلے میں تمام ایجنسیوں کی خفیہ اطلاعات پر مبنی ایک جائزہ 13 فروری کو کانگریس کی انٹیلی جنس کمیٹی کے ساتھ بند کمرے میں ایک بریفنگ کے دوران پیش کیا۔ صدر ٹرمپ تک اس کی خبر پہنچی تو انہوں نے فوری طور پر مسٹر میگوائر کو برطرف کردیا اور ایک بیان میں اسے ڈیموکریٹک پارٹی کی ”مس انفارمیشن“ قرار دیا جو وہ اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں جاری کرتی رہتی ہیں۔ تاہم امریکی میڈیا انٹیلی جنس ایجنسیوں کی اس وارننگ کو بہت سنجیدہ سمجھتا ہے جس نے صدر ٹرمپ کے موقف کو نہیں خریدا ہے۔ ”نیویارک ٹائمز‘ نے لکھا ہے کہ انٹیلی جنس چیف کی شہادت کانگریس کی انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین ایڈم شیف کے روبرو ہوئی جن سے صدر ٹرمپ مواخذے کی کارروائی میں سرگرمی دکھانے پر سخت ناراض ہیں۔ اس اخبار کی اطلاع کے مطابق کانگریس کمیٹی میں صدر ٹرمپ کے موقف کی حمایت کرنے والے بھی پیش ہوئے جنہوں نے انٹیلی جنس اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ نے روس کے ساتھ سخت رویہ اختیار کر رکھا ہے جس کی بنا پر یورپی ممالک کے ساتھ امریکہ کے سیکیورٹی تعلقات بہتر ہوئے ہیں۔

ٹرمپ الزام

مزید : صفحہ اول