پنجاب اسمبلی، اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی، آٹا چینی چور کے نعرے، ایوان مچھلی منڈی میں تبدیل

  پنجاب اسمبلی، اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی، آٹا چینی چور کے نعرے، ایوان مچھلی ...

  



لاہور(این این آئی)اپوزیشن کی ریکوزیشن پر بلایا گیا پنجاب اسمبلی کا اجلاس پہلے روز ہی ہنگامہ خیز رہا، ایوان میں آٹا چور چینی چور کے نعرے گونجتے رہے،پولیس اہلکاروں کے ناروا سلوک پر ڈپٹی سپیکر کی تحریک استحقاق اور صحافی عزیز میمن کے قتل کے معاملے پر شور شرابے سے ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرتا رہا،فیاض الحسن چوہان نے بلاول بھٹو کو عزیز میمن قتل کیس میں شامل تفتیش کا مطالبہ کردیا،سید حسن مرتضی نے کہا کہ صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کو بھی شامل تفتیش کرنا چاہئے کیونکہ عزیز میمن نے ان سے بھی رابطہ کیا تھا۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس پہلے روز ہی مقررہ وقت سے 2گھنٹے 20منٹ کی تاخیر سے ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد مزاری کی صدارت میں شروع ہو۔ اجلاس میں محکمہ ہائیر ایجوکیشن کے بارے میں سوالوں کے جوابات یئے جانے تھے تاہم پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی نے ایوان میں ڈپٹی سپیکر کی تحریک استحقاق کا معاملہ اٹھا دیا۔ سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ گزشتہ اجلاس میں سپیکر کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنائی گئی تھی اس کمیٹی کی ابھی تک رپورٹ پیش نہیں کی گئی، اگر سپیکر کے احکامات پر بھی عمل نہیں ہونا تو یہ افسوس کی بات ہے۔ اس پر وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ ایوان نے تحریری طور پر کوئی کمیٹی نہیں بنائی تھی،اس معاملے پر جو کمیٹی بنی تھی اس کی کارروائی سے ایوان کو جلد آگاہ کردیا جائے گا۔رانا مشہود نے کہا کہ یہ طے ہوا تھا کہ جب تک کمیٹی کی رپورٹ نہیں آتی ایوان نہیں چلے گا،ایوان نے متفقہ طور پر کمیٹی کی منظوری دی تھی اس کے بعد کسی تحریری حکم نامے کی ضرورت نہیں رہتی۔ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری نے وزیر قانون راجہ بشارت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ابھی تک اس واقعہ پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی،میرے ساتھ بدسلوکی کرنے والے کو ڈی ایس پی کے عہدے پرترقی دیدی گئی حالانکہ اسے سزا ملنی چاہئے۔ چیئر کی جانب سے وزیر قانون کو سوموار تک کمیٹی کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے اس بات کا اعلان کیا تھا کہ اگر میرا قتل ہوا تو اس کاذمہ دارپرویز مشرف ہوگااور اس کے بعد پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مشرف کو قاتل کہا۔صحافی عزیز میمن نے بیان دیا تھا کہ اس کو قتل کیا گیا تو پیپلز پارٹی ذمہ دار ہوگی اگر بی بی کے قتل میں مشرف کو نامزد کیاجا سکتا ہے تو صحافی عزیز میمن کے قتل میں ایسا کیوں نہیں ہو سکتا۔رانا مشہود نے کہا کہ عزیز میمن کے قتل پر ایک کمیشن بنے اور اس کی تحقیقات کرے،میڈیا کی پابندی کے خلاف ہم آواز اٹھاتے رہیں گے۔ حسن مرتضی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت چاہتی ہے کہ عزیر میمن کے قتل کے حوالے سے کیس منطقی انجام تک پہنچے تاہم عزیز میمن کے قتل پر سیاست نہیں کرنی چاہیے،پرویز مشرف کے حوالے سے عمران خان نے جو باتیں کی کیا وہ تحریک انصاف کو یاد نہیں؟قیادتوں کی اگر بات کی تو پھر سیتا وائٹ کے بارے میں بھی بات ہوگی۔ اس موقع پر دونوں جانب سے شور شرابہ اور نعرہ بازی کی گئی جس سے پنجاب اسمبلی کا ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرنے لگا۔ایوان میں سیتا وائٹ اور ایان علی کے چرچے پرایوان میں ہنگامہ برپا ہونے پر حکومتی ارکان ایوان سے اٹھ کر باہر چلے گئے گئے ۔اسی دوران ڈپٹی سپیکر نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس سوموار کی سہ پہر 3بجے تک ملتوی کردیا۔ اپوزیشن نے اجلاس ملتوی ہونے کے بعد پنجاب اسمبلی کی سیڑھیوں پر جمع ہو کر مہنگائی اور حکومت پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا۔ اپوزیشن اراکین نے ہاتھوں میں کتبے بھی اٹھا رکھے تھے جن پر مہنگائی اور حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔

پنجاب اسمبلی

مزید : صفحہ اول