بلاول پر الزام تراشی فیاض الحسن چوہان کا دماغی عارضہ ہے،مرتضیٰ وہاب

  بلاول پر الزام تراشی فیاض الحسن چوہان کا دماغی عارضہ ہے،مرتضیٰ وہاب

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون بیرسٹر مرتضی وہاب نے پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیاض الحسن چوہان اپنی بدزبانی کی وجہ سے پہلے بھی معزول ہوچکے ہیں اور دوبارہ معزولی انکا مقدر بننے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو پر الزام تراشی فیاض الحسن چوہان کا دماغی عارضہ ہے بلاول بھٹو زرداری کے خلاف بدزبانی کرکے فیاض چوہان اپنے بونے قد کو اونچا کرنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے تحریک انصاف کی قیادت فیاض الحسن چوہان کی زبان کو لگام ڈالے۔ ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ آصف زرداری سے مخاصمت ہی فیاض الحسن چوہان کا ایجنڈا ہے حکومت سندھ پر تنقید کرنے سے پہلے فیاض الحسن چوہان اپنے گریبان میں جھانکیں تو بہت کچھ نظر آئیگا انہوں نے کہا کہ صحافی عزیز میمن کے قتل پر بلاول بھٹو پر تنقید کرنا ذہنی دیوالیہ پن ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیاض الحسن چوہان سیاسی اخلاقیات سے عاری شخص کا دوسرا نام ہے اپنی ناکامیوں پر پیپلز پارٹی کو تنقید کرنا تحریک انصاف کی شکستِ فاش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے عوام کی آواز بن چکے ہیں فیاض الحسن چوہان اپنی زبان سے زہر اگلنے کے سوا کچھ نہیں کرسکتے۔

مزید : صفحہ آخر