پی ایس ایل فائیو، دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو ہرا دیا: بابر اعظم کی ففٹی
لاہور (سپورٹس رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020ء کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے ہرا دیا۔ پانچویں ایڈیشن میں میزبان ٹیم نے ایونٹ میں اپنی پہلی فتح حاصل کی۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہونیوالے پی ایس ایل کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کو ترجیح دی۔ کراچی کنگز کی طرف سے ٹیم کا آغاز شرجیل خان اور بابر اعظم نے کیا۔تیسرے اوور کی آخری گیند پر حسن علی کی گیند پر شرجیل میمن 25 کے مجموعی سکور پر شعیب ملک کو کیچ تھما بیٹھا۔ انہوں نے 11 گیندوں پر 19 رنز بنائے۔ ون ڈاؤن بیٹسمین ڈیلپورٹ نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر سکور آگے بڑھایا، دونوں بیٹسمینوں نے سکور کو 73 کے مجموعی سکور تک پہنچایا، اس دوران ڈیلپورٹ 9 ویں اوورز میں 16 گیندوں پر 20 رنز بنا کر محمد محسن کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ بابر اعظم نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ففٹی مکمل کی۔ کراچی کنگز نے مقررہ بیس اوورز میں 201 رنز بنائے۔ حسن علی نے دو جبکہ محمد محسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی طرف سے بیٹنگ کا آغاز کامران اکمل اور ٹام بیٹن نے کیا۔ دونوں بیٹسمینوں نے دو اوورز میں خطرناک انداز اپناتے ہوئے 26 رنز بنائے تاہم ٹام بنٹن 13 رنز بنا کر جورڈن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ پشاور زلمی کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنا سکی۔ لیونگسٹون 29 گیندوں پر 54 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کراچی کی طرف سے جورڈن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
پی ایس ایل