”کھلاڑی کے طور پر بابر اعظم مجھ سے بہتر ہیں “سنگا کارا نے انتہائی عاجزی کے ساتھ تعریفوں کے پل باندھ دئیے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )سری لنکا کے سابق کپتان سنگاکارا نے بابراعظم کو حیران کن صلاحیتوں کا مالک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ویرات کوہلی، کین ولیمسن اور جو روٹ کی طرح بابر اعظم کا شمار بھی موجودہ دور کے بہترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے، کھلاڑی کے طور پر بابر اعظم مجھ سے بہت بہتر ہیں۔
ایک انٹر ویو کے دورن سنگاکارا نے کہا کہ میں بابراعظم کوبڑی باریک بینی سےکھیلتےہوئے دیکھ رہا ہوں،اس کےساتھ پی ایس ایل میں کھیل بھی چکا ہوں،وہ بہت زبردست سٹروکس پلیئر ہیں، ویرات کوہلی، کین ویلیم سن اور جوئے روٹ کی طرح بابر اعظم کا شمار بھی موجودہ دور کے بہترین بیٹسمنوں میں کیا جاسکتا ہے،بابراعظم میں کمال کی خوبی ہے کہ وہ ہرفارمیٹ میں بہت جلد خود کو ایڈجسٹ کرلیتا ہے۔ انہوں نے نسیم شاہ اور پاکستان کے نوجوان باؤلرز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہمیشہ اچھے فاسٹ بولرز سامنے آئے ہیں، اب بھی کوالٹی باؤلرز آگے آرہے ہیں جو میں سمجھتا ہوں کہ یہ پاکستان کرکٹ کے لیے بہت مفید ثابت ہو گا۔
سنگا کارا نے اپنے ایک ہفتے کے دورہ لاہور پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 11 سال بعد یہاں آکر کھیلنے کا مزہ آیا، گولف کو بھی انجوائے کیا، بہت سے لوگوں سے ملاقات ہوئی، مہمان نوازی کا بہت لطف اٹھایا، میرے خیال میں ہمارے اس دورے سے دوسری ٹیموں کو بھی پاکستان آکر کھیلنے کے لیے راضی کرنے میں پی سی بی کو مدد ملے گی، یقین ہے کہ انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اورجنوبی افریقا کے لیے راہ ہموار ہوگی، یہاں آکر کھیلنا ہی سب کے لیے بہت بڑا پیغام ہے کہ پاکستانی کرکٹ لورز ہیں اوریہاں پرمیچز ہوناچاہیے۔سنگاکارا نے وسیم اکرم کو سب سے مشکل بولر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اِن کے خلاف بیٹنگ کبھی آسان نہیں تھی، وقار یونس، شعیب اختر، ثقلین مشتاق اور مشتاق احمد بہترین بولرز رہے، سپنرز میں سعید اجمل بہت مشکل بولر لگے۔ اس موقع پر سنگاکارا نے محمد آصف کی بولنگ کی بھی بہت تعریف کی اور کہا کہ وہ کمال کے فاسٹ بولر تھے۔