کرونا وائرس کا خوف، ایک ہفتے میں عالمی مارکیٹ میں سونا کتنا مہنگا ہوگیا؟ حیران کن تفصیلات سامنے آگئیں
نیو یارک (ڈیلی پاکستان آن لائن) چین میں پھیلے کرونا وائرس کے عالمی سطح پر پھیلنے کے خوف کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت تیزی سے بڑھتی چلی جارہی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں سپاٹ گولڈ کی قیمت میں 0.9 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور یہ 1633 ڈالر فی اونس ہوگیا ہے ، یہ 14 فروری 2013 کے بعد سے اب تک کی بلند ترین سطح ہے، 14 فروری 2013 کو سونے کی قیمت 1635.98 ڈالر فی اونس تھی۔ دوسری جانب امریکہ سونا ایک فیصد اضافے کے ساتھ 1636.40 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا ہے۔
رواں ہفتے کے دوران سونے کی قیمت میں 3 فیصد اضافہ ہوا ہے جو گزشتہ اگست کے بعد سے ایک ہفتے کے دوران ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا اضافہ ہے۔
عالمی مارکیٹ میں چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا ہے اور یہ 0.9 فیصد اضافے کے ساتھ 18.52 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے، گزشتہ اگست کے بعد چاندی کی قیمت میں بھی اس ہفتے سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ چین کے بعد اب کرونا وائرس دوسرے ملکوں میں بھی پھیلنا شروع ہوگیا ہے ، چین سے باہر سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک جنوبی کوریا ہے جبکہ ایران بھی کرونا وائرس کی وجہ سے بہت زیادہ متاثر ہورہا ہے جہاں اب تک 5 ہلاکتیں رپورٹ ہوچکی ہیں۔ کرونا وائرس کے عالمی سطح پر پھیلاﺅ کے خدشے کے باعث سونے کی قیمت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جبکہ تجارتی سرگرمیوں میں کمی کے باعث تیل کی قیمت میں کمی ہورہی ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں بھی سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور یہاں فی تولہ سونا 94 ہزار 300 روپے کا ہوگیا ہے۔