بلاول بھٹو کی اداسی دور کرنے کے لئے ۔۔۔عظمیٰ بخاری اپنے سابقہ لیڈر پر برس پڑیں
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنماء اور رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کے بیانات کا بہت بہتر انداز سے جواب دے سکتے ہیں،بلاول کی اداسی دور کرنےکےلئےشہبازشریف مارچ میں وطن واپس آجائیں گے ،بلاول بھٹو کو لگتا ہے کہ وہ ن لیگ پر تنقید کرکے مشہور ہو سکتے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کے بیانات کا بہت بہتر انداز سے جواب دیا جا سکتا ہے، بلاول کی اداسی دور کرنے کے لئے شہباز شریف مارچ میں وطن واپس آجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شاہد بلاول بھٹو کو لگتا ہے کہ وہ ن لیگ پر تنقید کرکے مشہور ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم ان سے بھی پوچھ سکتے ہیں کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کہاں ہیں؟چیئرمین پیپلزپارٹی پتا نہیں کس موڈ میں ہیں؟ یہ اپوزیشن لیڈر ڈھونڈنے کی بجائے عمران خان سے سوالات کریں تو بہتر ہوگا، ان کی باتوں سے تو لگتا ہے کہ حکومت پی پی فرینڈلی میچ ہو رہا ہے۔
یاد رہے کہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ عمران خان سے پہلے نواز شریف بھی سلیکٹڈ تھا،مسلم لیگ نون بھی عمران خان کی طرح پارلیمنٹ کو زیادہ اہمیت نہیں دیتی تھی،پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر کا کردار اہم ہوتا، امید ہے شہباز شریف جلد واپس آئیں گے، پنجاب کے عوام کو جب بھی ضرورت پڑی ہے تو ان کے لیڈر ہی غائب ہو گئے ہیں،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ شہباز شریف سے بھی بہتر تھے اور موجودہ وزرا اعلیٰ پنجاب سے بھی بہتر ہیں۔