ملتان سلطانز کی باﺅلنگ کیوں ناکام ہوئی؟ محمد عرفان نے اصل وجہ بتادی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ملتان سلطانز کے فاسٹ باﺅلر محمد عرفان کا کہنا ہے کہ گراﺅنڈ میں نمی کی وجہ سے باﺅلنگ میں مشکلات کا سامنا تھا۔
پی ایس ایل 5 کا پانچواں میچ ختم ہونے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ باﺅلر محمد عرفان نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپننگ بلے باز لیوک رونکی نے بہت اچھی بیٹنگ کی۔ ہمارے باﺅلرز کو نمی کی وجہ سے باﺅلنگ میں مشکل ہورہی تھی، سپنر اور فاسٹ باﺅلر دونوں کیلئے ہی مشکل تھا، گیند گیلا ہونے کی وجہ سے گرپ نہیں ہورہی تھی لیکن آئندہ میچز میں اس کا حل نکالیں گے اور اس خامی پر قابو پائیں گے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے شاندار ڈیبیو کرنے والے ذیشان اشرف کے بارے میں محمد عرفان کا کہنا تھا کہ وہ ہمارے ساتھ جنوبی پنجاب میں کھیلتا تھا، اس کیلئے نیک خواہشات ہیں ، اسی طرح کھیلتا رہا تو قومی ٹیم میں بھی آئے گا۔
خیال رہے کہ ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 165 رنز کا ہدف دیا تھا جو اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا۔