سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے حکومتی کارکردگی پر تنقید کرنے والوں کو حیران کن مشورہ دے دیا
صوابی(ڈیلی پاکستان آ ن لائن)سپیکرقومی اسمبلی اسدقیصرنے کہاہے کہ افغانستان اوروسط ایشیاء کیساتھ صنعت اورترقی کی نئی راہیں کھول رہے ہیں،پاکستان فقید المثال ترقی کی راہ پرگامزن ہونیوالاہے،خودساختہ پیرامیٹرپرحکومتی کارکردگی ناپنے والوں کواپنے گریبان میں جھانکناچاہئے،پانچ سال بعدعوام خودفیصلہ کریگی کہ تحریک انصاف نے جووعدے کئے تھے وہ ایفاہوئے کہ نہیں؟۔
صوابی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر کاکہناتھا کہ بہت جلدصوابی کے ہر گاؤں اور محلے میں سوئی گیس پہنچادی جائیگی،اس سے قبل ایک ارب 40 کروڑروپےکی لاگت سےسوئی گیس منصوبےمکمل کئےتھے،اب مزیدایک ارب80کروڑروپے کےسوئی گیس منصوبے منظورکئےگئےہیں،صوابی کے گھر گھر تک سوئی گیس پہنچانامیراوژن ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کا وہ واحدلیڈرہے جس نے حکومت میں آنے سے پہلے شوکت خان ہسپتال کی شکل میں عوام کی بلاامتیازاوربے لوث خدمت کی ہے اور کرکٹ ورلڈکپ جیت کرکھیلوں کی دنیا میں پاکستان کانام روشن کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ جن مشکل حالات میں انہوں نے شوکت خانم ہسپتال کے قیام کویقینی بنایا،بالکل اسی طرح ملک کوبھی مشکلات کی اس دلدل سے عمران خان ہی نکالیں گے،عمران خان کوصرف ملک اورعوام کی فکر لاحق ہوتی ہے،وہ کسی ذاتی مفادکیلئے دن رات محنت نہیں کرتے۔