’ثمین رانا نے ٹیم میں شمولیت کا بتایا تو یقین ہی نہیں آیا‘ ڈیبیو میچ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے لاہور قلندرز کے نئے ’ستارے‘ کا دلچسپ انکشاف

’ثمین رانا نے ٹیم میں شمولیت کا بتایا تو یقین ہی نہیں آیا‘ ڈیبیو میچ میں ...
’ثمین رانا نے ٹیم میں شمولیت کا بتایا تو یقین ہی نہیں آیا‘ ڈیبیو میچ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے لاہور قلندرز کے نئے ’ستارے‘ کا دلچسپ انکشاف
سورس:   Twitter

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز نے سلمان مرزا کی صورت میں کرکٹ کی دنیا میں ایک اور ستارہ متعارف کروا دیا ہے جن کا کہنا ہے کہ میں قلندرز کیلئے ہیرو بننا چاہتا ہوں۔ 

تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز کے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام سے 25 سالہ فاسٹ باﺅلر سلمان مرزا نے ڈیبیو کیا جن کا کہنا ہے کہ لاہور کی گلیوں میں ٹیپ بال کھیلنے والے کو قلندرز نے پی ایس ایل تک پہنچا دیا اور اب میری بھرپور کوشش ہے کہ اچھی کارکردگی کے ذریعے قلندرز کا ہیرو بنوں۔ 

لاہور قلندرز کے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام نے گزشتہ چند برس کے دوران پی ایس ایل میں کئی ایسے کرکٹرز متعارف کرائے جو پہلے کہیں نہیں تھے، ان کھلاڑیوں میں حارث رؤف دلبر حسین ، سہیل اختر، سلمان ارشاد، معاذ خان ، فرزان راجہ اور محمد فیضان شامل ہیں، حارث رﺅف ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام میں ملنے والے موقع سے ایسا فائدہ اٹھایا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں جا پہنچے۔ 

سلمان مرزا نے پی ایس ایل 6 میں لاہور قلندرز کی جانب سے پشاور زلمی کے خلاف میچ میں ڈیبیو کیا اور پہلے ہی میچ میں کامران اکمل اور حیدر علی کی وکٹیں حاصل کرکے شاندار انٹری دی۔ سلمان مرزا 2017ءاور 2018ءمیں دونوں مرتبہ ٹرائلز میں آئے، پی ڈی پی ٹورنامنٹ میں فیصل آباد اور لاہور کی نمائندگی کی ، پھر 2019ءمیں بیٹل آف قلندرز ٹی 10 ٹورنامنٹ کھیلا اور وہاں سے قلندرز کے کوچنگ سٹاف کی نظروں میں آئے۔

لاہور قلندرز کے کوچنگ سٹاف نے انہیں ہائی پرفارمنس سینٹر بلایا جہاں ان کی ٹریننگ کی گئی اور آج سلمان مرزا پی ایس ایل کا حصہ بن گئے ہیں جن کا کہنا ہے کہ میں زیرو ہی تھا اور پہلی مرتبہ پی ایس ایل کھیلا، ابھی ہیرو تو نہیں بنا لیکن ایک دن ایسا ضرور ہو گا۔ 

انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کو کریڈیٹ جاتا ہے کہ اس نے میرے جیسے کرکٹر کیلئے پلیٹ فارم تیار کیا اور ٹاپ لیول کرکٹ کھیلنے کا موقع دیا، ابتداءمیں بطور نیٹ باﺅلر ٹیم کے ساتھ آیا اور سوچا نہیں تھا کہ اتنی جلدی چانس مل جائے گا، میچ سے قبل جب ثمین رانا نے ٹیم میں شمولیت کا بتایا تو یقین نہیں آیا۔

مزید :

کھیل -PSL -PSL News Update -