ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے اپنی شاندار فارم کا راز بتا دیا

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے اپنی شاندار فارم کا راز بتا دیا
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے اپنی شاندار فارم کا راز بتا دیا
سورس:   Twitter

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے اپنی شاندار فارم کا راز بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی محنت، کوشش اور ہمت پر کوئی سودے بازی نہیں کرتا، نتائج اللہ کے ہاتھ میں ہیں لیکن محنت کرنے والوں کو صلہ ضرور ملتا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے میچ میں ملتان سلطانز کی اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد ایک بیان میں محمد رضوان نے کہا کہ میں نے کبھی ہمت نہیں ہاری اور کبھی محنت پر سودے بازی نہیں کی، کوشش کرنا میرے ہاتھ میں ہے جبکہ نتائج اللہ کے ہاتھ میں ہیں، بیٹنگ کرتے وقت یہ نہیں سوچتا کہ گیند سپن ہورہا ہے یا زیادہ سوئنگ ہورہا ہے بلکہ جس طرح کی بھی باﺅلنگ ہوتی ہے اس کا بلا خوف سامنا کرتا ہوں۔ 

پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کیلئے ملتان سلطانز کی قیادت سنبھالنے والے وکٹ کیپر بلے باز نے مزید کہا کہ ہماری ٹیم میں کئی کھلاڑی ایسے ہیں جو پہلے ہی ٹاپ لیول پر کپتانی کرچکے ہیں اس لئے میرے کیلئے کام آسان ہوگیا ہے، ٹیم میٹنگ میں بھی کھلاڑیوں کو کہا ہے کہ ہر کوئی اپنی پوزیشن پر کپتان ہے اور ہر کسی کو اپنی ذمہ داری لینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے لئے بس اتنا ہی کافی ہے کہ کھلاڑی گراؤنڈ میں اپنی 100 فیصد کارکردگی دیں اور جیت کیلئے کردار ادا کریں، باقی نتیجہ کیا آتا ہے یہ اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ محمد رضوان نے فیلڈ میں سابق کپتان شان مسعود کے کردار کی بھی تعریف کی اور کہا کہ شان مسعود جب کرس لین کی جگہ فیلڈنگ پر آئے تو بھرپور انرجی کے ساتھ اپنا کردار ادا کیا۔ 

مزید :

کھیل -PSL -PSL News Update -