ویلنٹائنز ڈے پر بنکاک کی طرح کا مساج کروانے کے خواب آنکھوں میں سجانے والے آدمی کو تین خواتین نے لوٹ لیا

ویلنٹائنز ڈے پر بنکاک کی طرح کا مساج کروانے کے خواب آنکھوں میں سجانے والے ...
ویلنٹائنز ڈے پر بنکاک کی طرح کا مساج کروانے کے خواب آنکھوں میں سجانے والے آدمی کو تین خواتین نے لوٹ لیا

  

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں ایک آدمی کو ویلنٹائنز ڈے پر بنکاک کی طرح کا مساج کروانے کی خواہش مہنگی پڑ گئی۔ تین خواتین نے چاقو کی نوک پر لوٹ لیا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق اس آدمی کا تعلق بھارتی ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور سے بتایا گیا ہے۔ بنگلور کے کوکس ٹاﺅن کے رہائشی اس آدمی نے آن لائن مساج پارلر سرچ کیا اور ایک پارلر کی ویب سائٹ sutramassage.comپر پہنچ گیا۔ 

کرن نامی اس شخص نے ویب سائٹ سے پارلر کا فون نمبر حاصل کیا اور 14فروری کی بکنگ کروا ڈالی۔ کال پر موجود خاتون نے اسے بتایا کہ بنکاک کی طرز کے مساج کی فیس 3ہزار بھارتی روپے(تقریباًساڑھے 6ہزار پاکستانی روپے) ہو گی۔ خاتون نے اسے بتایا کہ اس کا ایجنٹ کرن کو 14فروری کے روز شام 6بجے کامنا ہالی کے پاس سے ’پک‘ کرے گا۔

14فروری کو کرن نے شام 6بجے کامنا ہالی پہنچ کرفون کیا تو کچھ ہی دیر میں ششانک چوٹی نامی ایک شخص اسے لینے آ گیا۔ وہ اسے ایک سنسان جگہ پر لے گیا اور وہاں اسے مساج کی فیس کے 3ہزار روپے دینے کو کہا۔ کرن نے یہ رقم اس کے ’ای والٹ‘ میں ٹرانسفر کر دی لیکن ششانک نے کہا کہ اسے رقم موصول نہیں ہوئی۔اس پر کرن نے اسے دوبارہ 3ہزار بھیج دیئے۔

کچھ ہی دیر میں وہاں ایک رکشہ آ کر رکا اور اس میں سے 3خواتین نکلیں۔ششانک نے اسے کہا کہ ان میں سے ایک خاتون کا انتخاب کر لو جوتمہارا مساج کرے گی۔یہ کہہ کر ششانک وہاں سے چلا گیا۔ بعد ازاں ان تینوں خواتین نے چاقو دکھا کر کرن سے ساڑھے 4ہزار بھارتی روپے(تقریباً 10ہزار پاکستانی روپے) مزید لوٹ لیے اور وہاں سے فرار ہو گئیں۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -