عثمان بزدارنے پنجاب بھر کے ہونہار و مستحق طلبا و طالبات کے لئے رحمت اللعالمین ﷺ سکالر شپ پروگرام کا آغاز کر دیا

عثمان بزدارنے پنجاب بھر کے ہونہار و مستحق طلبا و طالبات کے لئے رحمت ...
عثمان بزدارنے پنجاب بھر کے ہونہار و مستحق طلبا و طالبات کے لئے رحمت اللعالمین ﷺ سکالر شپ پروگرام کا آغاز کر دیا

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارنے پنجاب بھر کے ہونہار و مستحق طلبا و طالبات کے لئے رحمت اللعالمین ﷺسکالر شپ پروگرام  کا آغاز کر دیا ہے۔

وزیراعلیٰ آفس میں رحمت اللعالمینﷺ سکالر شپ پروگرام کے اجراء کی پروقار تقریب منعقد ہوئی ،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے رحمت اللعالمین ﷺسکالر شپ کی ویب سائٹ کا بھی افتتاح کیا اور  منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نبی کریمﷺ سے منسوب رحمت اللعالمینﷺ سکالر شپ کا اجراء اعزاز ہے، میں اللہ تعالیٰ کا شکر اداکرتا ہو ں جس نے ہمیں یہ توفیق دی،کوئی قلم ایسا نہیں جو نبی کریم ﷺ کی شان لکھنے کا حق ادا کرسکے، زبان بھی سرور کائنات، شافع محشر،امام الانبیا، سیدالمرسلین، محسن انسانیت، احمد مجتبیٰﷺ سے اعلیٰ و ارفع مقام کو بیان کرنے سے قاصر نظر آتی ہے ”بعد از خدا بزرگ توئی قصہ مختصر“ ہی عظمت رسولﷺ کی دلیل ہے،اللہ تعالیٰ نے نبی پاکﷺ کی زبانی ہمیں درود سلام سیکھا کر احسان عظیم کیاہے ورنہ ہماری کیا بساط جو شان نبیﷺ بیان کرسکیں ، نبی کریمﷺ سے ہر مسلمان کی جذباتی وابستگی کو الفاظ میں بیان کرنا محال ہے۔

انہوں نے کہا کہ رحمت اللعالمینﷺ سکالر شپ پروگرام کے تحت پنجاب میں انٹرمیڈیٹ اور بی ایس آنرزکرنے والے 14891 طلبہ کو مجموعی طور پر 41 کروڑ 70لاکھ روپے کےوظائف دے رہےہیں اوراسے بتدریج بڑھا یاجائے گا، اگلے بجٹ میں رحمت اللعالمینﷺ سکالر شپ کو ایک ارب روپے تک بڑھایا جائے گا،رحمت اللعالمینﷺ سکالر شپ کادائرہ کار دیگر پروفیشنل ڈگری ہولڈرز تک وسیع کیا جائے گا،رحمت اللعالمینﷺ سکالرشپ50 فیصد میرٹ پر ہونہار طلبہ کو اور 50 فیصد ضرورت مند اور نادار طلبہ کو دیئے جائیں گے ۔

وزیراعلیٰ نےکہا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کےتعاون سے ہائر ایجوکیشن پورٹل کا  آغاز کر دیا گیاہے ،سکالر شپ کے لئے شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے آن لائن سسٹم اور کوائف کی آن لائن تصدیق کا اہتمام کیا گیاہے،سکالر شپ بینکوں کے ذریعے فراہم کئے جائیں گے،طلبا وطالبات موبائل کے ذریعے اس ایپ پر اپلائی کرسکیں گے، ہونہار اور نادار طلبہ کے لئے سکالر شپ کے فنڈ میں بتدریج اضافہ کیاجائے گا ،ہر سال اس سلسلے کو مزید آگے بڑھایاجائے گا، حقدار تک حق پہنچانے کیلئے موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے رحمت  اللعالمینﷺ سکالرشپ دینے کا اہتمام کیاگیا ہے،سرکاری کالجوں اور 30 سرکاری یونیورسٹیوں کے طلبا وطالبات رحمت اللعالمین ﷺ سکالر شپ سے مستفید ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ  سرکاری یو نیورسٹیوں میں بی ایس کرنے والے طلبہ کی پوری ٹیوشن فیس ادا کی جائے گی ،انٹر میڈیٹ کرنے والے طلبہ کو ٹیوشن فیس کے ساتھ ساتھ سکالرشپ بھی دیاجائے گا ،رحمت اللعالمینﷺ سکالرشپ سکیم میں حکومت پنجاب کے درجہ ایک سے چار تک کے ملازمین کے بچوں کا کوٹہ بھی مختص کیاگیاہے،حضرت محمدﷺکی شخصیت اور کردار کے اعلیٰ ترین پہلو دنیا عالم کے سامنے لانے کیلئے ہر ضلع کی ایک یونیورسٹی میں رحمت اللعالمین ﷺچیئر بھی قائم کی جائے گی اوراس چیئر کے تحت محققین کو پی ایچ ڈی کے لئے سکالر شپ دئیے جائیں گے،یہ سکالر اپنی تحقیقات کے ذریعے سیرت النبیﷺ کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق پیش کریں گے، اس جستجو کا محور عشق رسول ﷺ کے تقاضوں کو نبھانا ہے،رحمت اللعالمینﷺ سکالرشپ نبی کریمﷺ کی علم اور طالبعلموں سے محبت کو خراج تحسین پیش کرنے کی ایک ادنی سی کاوش ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ گزشتہ چند برس سے دانستہ یا نادانستہ طور پر مختلف ممالک میں آزادی اظہار کے نام پر مسلمانوں کی دل آزاری کی جا رہی ہے،پاکستان سمیت دنیا بھر سے اہل ایمان نے ان عناصر کی نہ صرف بھر پور مذمت کی بلکہ اس کا موثر جواب د ینا ضروری سمجھاہے،ہم نے فیصلہ کیا کہ ہر سال ربیع الاول میں ہفتہ شان رحمت اللعالمینﷺ سرکاری سطح پر منایا جائے گا،اس سلسلے میں صوبہ بھر کی درسگاہوں اور دیگر اداروں میں محافل نعت،محافل سماع، تقریری مقابلے اور دیگر تقاریب بھی منعقد کی گئیں ، اس موقع پر میں نے ہونہار اورنادار طلبہ کے لئے رحمت اللعالمینﷺ سکالر شپ کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ نبی کریم ﷺنے ہمیشہ علم حاصل کرنے پر زور دیا ،آپ ﷺ نے یہ بھی حکم دیا  کہ علم حاصل کرو چاہے تمہیں چین جانا پڑے،احادیث میں بار ہا اور قرآن مجید میں جگہ جگہ علم حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیاہے،اللہ تعالیٰ کے نبیﷺ سے محبت کا تقاضا یہی ہے کہ تشنگان علم کی پیاس کو بجھانے کے لئے تمام تر کوششیں کی جائیں، رکاوٹیں دور کی جائیں اور ممکنہ وسائل فراہم کئے جائیں ، آج اقوام عالم میں ان ممالک کا نام سربلند ہے جنہوں نے علم وتحقیق کو اختیار کیا ۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑتا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک کی اس فہرست میں مسلمان ملک کہیں نیچے پائے جاتے ہیں ،نبی کریم ﷺ کی حصول علم کی اسی تلقین او رہدایت کو مد نظر رکھتے ہوئے فروغ تعلیم کوہم نے اپنی ترجیحات میں شامل کیاہے ،صوبہ بھر میں طلبہ کو نہ صرف سکالر شپ فراہم کئے جا رہے ہیں بلکہ نو نئی یونیورسٹیاں، درجنوں کالج اور سینکڑوں سکول بنائے اور اپ گریڈ کئے جا رہے ہیں ، پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے ہر ضلع میں یونیورسٹی قائم کرنے کے عزم پر عمل پیر اہے، اب اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے طلبہ کے لئے رحمت اللعالمین ﷺسکالرشپ کا جامع پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب  نے کہاکہ تاریخ عالم میں نبی کریمﷺ کی سربراہی میں ریاست مدینہ جیسی شاندار اور بے مثال فلاحی مملکت نہ کبھی تھی اور نہ آئندہ آئے گی ،  ریاست مدینہ میں مساوات، برابری،سماجی انصاف اور احتساب کے اصولوں نے رعایا کو ہر قسم کی فکر سے آزاد کیا،اسی ریاست مدینہ کے تصور کو ذہن میں رکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پناہ گاہیں بنائی گئیں ، لنگر خانے بھی قائم کئے گئے تاکہ کوئی بھوکا سر راہ حکومت اور اہل اقتدار کی توجہ کا منتظر نہ رہے بلکہ اسے باعزت طریقے سے قیام و طعام کی سہولت فراہم کی جائے، پنجاب کو سب سے پہلے پناہ گاہیں اورلنگر خانے قائم کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ، اٹک سے راجن پور تک نہ صرف پناہ گاہیں قائم کی گئیں بلکہ کامیابی سےاس ماڈل پرعملدرآمد بھی کیا جا رہاہے۔انہوں نے کہاکہ رحمت ا للعالمین ﷺ سکالر شپ کا اجراء ہم سب کے لئے رحمت کا باعث ہوگا، یہ نیکی کا ایسا کام ہے جس سے صرف ایک فرد نہیں بلکہ خاندان اور نسل مستفید ہوگی، یہ صدقہ جاریہ ہے جس کا سلسلہ تا ابد جاری رہتا ہے، میں اللہ تعالی سے دعا گو ہوں کہ ہماری اس کاوش کو اپنی بارگاہ میں قبول و منظور فرمائے۔

صوبائی وزیر ہائرایجوکیشن راجہ یاسرہمایوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے ہر جگہ رہنمائی کی ہے،رحمت اللعالمین ﷺ سکالر شپ کا آغاز ایک نیک مقصد کے لئے ہے۔ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ندیم محبوب نے کہاکہ 50فیصدسکالر شپ میرٹ پر اور 50فیصد ضرورت مند طلبا وطالبات کو دئیے جائیں گے۔صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن محمد اخلاق،معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان،چیف سیکرٹری،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن،سیکرٹری اطلاعات، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ،ڈی جی پی آراورمتعلقہ حکام نے ا جلاس میں شرکت کی۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -