پنجاب سمال انڈسٹریز کے وفد کی سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ کے ساتھ ملاقات

پنجاب سمال انڈسٹریز کے وفد کی سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ کے ساتھ ملاقات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 

 
لاہور(لیڈی رپورٹر)پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹرعاصم اظہر،ڈائریکٹر کلچر کریٹو انڈسٹریز اللہ یار ڈھکو اور پراجیکٹ ڈایریکٹرصہیب ظفر نے محکمہ ترقی خواتین پنجاب کے دفتر میں سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ سمیرا صمد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفد نے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے تحت قائم ہونے والے ویمن ریسورس سینٹر اینڈ انکوبیٹر اور اس کے دائرہ کار و مقاصد کے بارے میں صوبائی سیکرٹری کوآگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ مراکز کاروبارکرنے والی خواتین کے سماجی و معاشی حالات میں بہتری، خطے کی جامع ترقی، کاروباری ثقافت کی حوصلہ افزائی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ان مراکزکے تحت مارچ 2023 کے آخر تک 100 سے زائد خواتین کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے تربیت دی جائے گی جس سے 200 سے زائد براہ راست ملازمتیں اور بالواسطہ روزگار بھی مہیا ہوں گے۔ سیکریٹری ویمن ڈویلپمنٹ نے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے بتایا کہ ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ خواتین کو مرکزی دھارے میں لانے کے لئے سرکاری محکموں کے ساتھ تربیتی پروگرام اور مختلف اضلاع میں خواتین سے متعلق مشاورتی نشستوں کا اہتمام کرتا ہے۔ اس موقع پر ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اورپنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے مابین ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا گیا تاکہ دونوں ادارے ملکر خواتین کی فلاح وبہبود کے لیے کام کر سکیں۔