خصوصی بچوں سے متعلق سماجی رویے تبدیل کرنے کی اشدت ضرورت ہے: حسین خٹک

خصوصی بچوں سے متعلق سماجی رویے تبدیل کرنے کی اشدت ضرورت ہے: حسین خٹک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


      پشاور(سٹاف رپورٹر)پختونخوا ریڈیو کوہاٹ کی جانب سے خصوصی افراد کے لئے ''ھیلے مشالونہ'' کے نام سے جاری ہفتہ وار پروگرام میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اور انچارج نشتر سپیشل ایجوکیشن سنٹر کوہاٹ محمد حسین خٹک اور ایڈمن آفیسر نورین نرگس نے شرکت کی۔انہوں نے خصوصی افراد خصوصاً بچوں کو صوبائی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات اور فلاح و بہبود کیلئے کئے گئے اقدامات سے عوام کو تفصیلا ًآگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نشترسپیشل ایجوکیشن سنٹر میں نابینا اور جسمانی اور ذہنی طور پر کمزور بچوں کی مفت سکولنگ اور سوشل سکلز ڈیویلپمنٹ کی جاتی ہے جبکہ سماعت و گویائی سے محروم بچوں کیلئے علیحدہ ہائی سکول ہے۔نشتر ایجوکیشن سنٹر میں 67 جبکہ ہائی سکول میں 190 سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں جنہیں فری سکولنگ، فری بکس، فری یونیفارم اور فری پک اینڈ ڈراپ سمیت ایک ذمہ دار شہری کے بچے کو حاصل تمام سہولیات دی جارہی ہیں۔اسی طرح یتیم خانے کے بچوں کو رہائش سمیت بہترین مقامی تعلیمی اداروں میں مفت تعلیم کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔حسین خٹک کا یہ بھی کہنا تھا کہ خصوصی بچوں سے متعلق سماجی رویے تبدیل کرنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں خصوصی بچوں پر نارمل بچوں کی طرح توجہ نہیں دی جاتی جس کی وجہ سے وہ معاشرے کے کارآمد شہری کی بجائے بوجھ بن جاتے ہیں لہٰذا والدین سے دردمندانہ اپیل ہے کہ وہ اپنے خصوصی بچوں کو ہرگز نظرانداز نہ کریں بلکہ ان پر نارمل بچوں سے بڑھ کر توجہ دیں تاکہ وہ کارآمد شہری بن کر رہیں۔