کارکن پرامن احتجاج، گرفتاریاں دینے کےلئے تیار، زین قریشی
ملتان(نیوز رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر و سابق رکن قومی و صوبائی اسمبلی مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے ملک کے بہتر مستقبل اور عوام کو فیصلے کا اختیار دینے کیلئے 2صوبائی حکومتوں کی قربانی دی۔ پی ڈی ایم ذاتی مفادات کیلئے اقتدار سے چمٹی ہوئی ہے۔ ملک میں سیاسی نظام کی تقویت کے لئے پر امن احتجاج وگرفتاریاں دینے کے لئے تیار ہیں۔ ہفتے کو صبح 10بجے نواں شہر چوک ملتان میں جنرل الیکشن کے فوری انعقاد کیلئے پر امن احتجاج ریکارڈ کروائیں گے اور گرفتاریاں بھی پیش کریں گے۔ عمران خان کی کال(بقیہ نمبر24صفحہ6پر )
پر جیل بھرو تحریک میں ملتان سب سے آگے ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی پی 217 میں امام بارگاہ سرائے حسینیہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شیخ طاہر قریشی امجد رضا کربلائی حسنین رضا کربلائی اعجاز قریشی ودیگر افراد اس موقع پر موجود تھے۔انہوں نے کہا پی ڈی ایم ملک میں انتشار کی سیاست کررہی ہے۔ وہ سیاسی نظام کی بقا نہیں چاہتی۔ آئینی طور پر دو صوبوں کی اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 90روز کے اندر عام انتخابات ہونے چاہئیں۔لیکن پی ڈی ایم کی حکومت اقتدار کو طول دینے کے لئے آئین سے ماورا اقدام کررہی ہے۔جس پر پورا ملک سراپا احتجاج ہے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف جنرل الیکشن کے لئے آج بھی تیار ہے جبکہ ہمارے مد مقابل 13سیاسی جماعتیں ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتیں۔ ضمنی انتخاب میں پہلے پیپلز پارٹی نے راہ فرار اختیار کیا بعد ازاں پوری پی ڈی ایم ضمنی انتخاب سے فرار ہوگئی۔ در اصل یہ لوگ اپنی شکست کے خوف سے میدان سے بھاگ گئے۔ہم اور ہمارے کارکن آج بھی الیکشن کے لئے تیار ہیں۔ ہم ان کا سیاسی میدان میں بھر پور مقابلہ کریں گے۔ ہم سمجھتے ہیں ملک کے مسائل کا حل جنرل انتخابات ہیں۔ جو جلد کروانے پڑیں گے۔ یہ لوگ جتنا انتخابات کو دور کریں گے ملک اتنا مشکل میں جائے گا۔ ان کی مقبولیت میں بتدریج کمی ہوگی۔ عمران خان کی مقبولیت میں بتدریج اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کا مستقبل روشن ہے۔ عوام کی اکثریت آج بھی عمران اور تحریک انصاف کے ساتھ ہیں۔ تحریک انصاف واحد جماعت ہے جس کی جڑیں ملک کے کونے کونے میں پھیلی ہوئی ہیں۔ پی پی اندرون سندھ تک ن لیگ لاہور کے کچھ حصوں تک محدود ہو چکی ہے۔
