جاوید اختر کے متنازع بیان پر پاکستان شوبز شخصیات کا اظہار برہمی

جاوید اختر کے متنازع بیان پر پاکستان شوبز شخصیات کا اظہار برہمی
جاوید اختر کے متنازع بیان پر پاکستان شوبز شخصیات کا اظہار برہمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(ویب ڈیسک)معروف بھارتی شاعر  جاوید اختر نے  فیض فیسٹیول کے دوران ممبئی حملوں میں پاکستان کے ملوث ہونے کے متنازع بیان پر تنقید کی زد میں ہیں جبکہ  پاکستان شوبز شخصیات سمیت سوشل میڈیا صارفین نے شدید غصے اور برہمی کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی شاعرجاوید اخترنے گزشتہ دنوں لاہورمیں معقد ہونیوالے فیض فیسٹول میں ایک سیشن کے دوران اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ "ہم ممبئی کے لوگ ہیں ہم نے دیکھا کیسے حملہ ہوا تھا، وہ لوگ ناروے سے تونہیں آئے تھے اورنہ ہی مصر سے آئے تھے، وہ لوگ ابھی بھی آپ کے ملک میں گھوم رہے ہیں،ایک ہندوستانی کے دل میں شکایات ہوتوآپ کوبرانہیں ماننا چاہیے"۔جاوید اختر کے پاکستان مخالف اس بیان کو لے کر جہاں بھارتی میڈیا اور اداکار اُن کی خوب تعریف کر رہے ہیں وہیں پاکستان میں ان کے اس بیان پر خوب تنقید کی جارہی ہے۔

سوشل میڈیا پر صارفین  نے مطالبہ کیا ہے کہ" ایسے افراد کو پاکستان بُلانے پر پابندی لگائی جائے جو اسی سرزمین پر کھڑے ہوکر اس کیخلاف زہر اُگلتے ہیں"۔جاوید اختر  کے  متنازع بیان پر  پاکستانی اداکار اعجاز اسلم نے انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ " کیا آپ کو مسئلہ کشمیر پر روشنی ڈالنے سے اعتراض ہے؟ اگر آپ کو پاکستان سے اتنی نفرت ہے تو آپ کو یہاں نہیں آنا چاہیے تھا، ہم پھر بھی آپ کو باحفاظت طریقے  واپس جانے دیتےہیں، یہی آپ کی بے عقلی کیلئے ہمارا جواب ہے"۔

اداکار شان شاہد نے جاوید اختر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اپنے ٹویٹ  لکھا کہ"ان کو گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام کا تومعلوم ہے مگراس پرخاموش ہیں مگر یہاں (پاکستان) ممبئی حملوں کے ملزمان کو ڈھونڈ رہے ہیں،اس کو ویزاکس نے دیا؟۔

ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ"لعنت ان سب پر جو سامنے بیٹھے تالیاں مار رہے تھے کوئی پاکستانی اداکار، گلوکار یا شاعر ایسی ہی بات انڈیا میں بیٹھ کر کرتا تو وہ ار ایس ایس کے ہاتھوں مارا جا چکا ہوتا "۔

اداکارہ صبور علی نےانسٹا سٹوری پر جاتے ہوئے ان تمام لوگوں پر زور دیا جنہوں نےجاوید اختر کی بے پناہ عزت کی اور ان کے لیے خوشی کا اظہار کیا اس حقیقت کے باوجود کہ انہوں نےاس سرزمین پر رہتے ہوئے ملک کی توہین کی۔ اداکارہ نے لکھا  کہ " کوئی اپنے گھر  میں آ کر بے عزتی کر کے جا رہا ہے اس پر خوشی کا سے شور مچایا جا رہا ہے اور پھر قدموں میں بیٹھا بھی جا رہاہے۔ کیا شرم کی بات! تمام پڑھے لکھے  جاہل لوگ ۔ آپنے ٹیلنٹ کو تو کبھی اتنی عزت نہیں دی  ۔ اس ملک میں  بڑے بڑے فنکار ایسے ہی چلے گئے ۔جن کے پاس اپنی زندگی کے آخر وقت کیلئےعلاج کے  پیسے بھی نہیں تھے۔ اس وقت کہاں جاتے ہیں ٹیلنٹ کی قدر کرنے والے؟."

انہوں نے مزید لکھاکہ " جنہیں اپنی عزت رکھنی نہیں آتی انکی  کوئی اور کیا عزت کرے گا۔ میں اس بات سے اتفاق کرتی ہوں کہ آرٹ کیلئے کوئی سرحد  نہیں ہے لیکن اپنی  عزت کیلئے  تو آپ حدود کھینچ سکتے ہیں. "

اداکار فیصل قریشی نے بھی  ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے جاوید اختر کو مخاطب کر کے کہا کہ "آپ نے ہمارے ملک میں بیٹھ کر اتنی بڑی بات اس لئے آسانی سے کہہ دی کیونکہ یہاں بولنے کی آزادی ہے، اب بھارت پہنچ کر ایک مرتبہ کشمیر اور گجرات سمیت بھارتی مسلمانوں کے حق میں بات کر کے بھی اس بہادری کا مظاہرہ دکھائیں"۔

  دوسری جانب   سینئر اداکارہ ریشم  نے بھی  جاوید اختر کے پاکستانیوں سے متعلق دیے گئے بیان کی سخت مذمت کی ۔ریشم نے اپنی انسٹاسٹوری میں لکھا کہ  "سب سے پہلے اپنا وطن عزیز ہے، مجھے ہرگز علم نہ تھا کہ جاوید اختر صاحب نے فیض صاحب کے فیسٹیول سیشن میں میرے ملک کے بارے میں جو باتیں کیں ، میں ان کہے ہوئے الفاظ کی مذمت کرتی ہوں ، ہم روایات کی پاسداری کرتے ہوئے مہمان کو رب کی رحمت سمجھتے ہیں مگر پاکستان کو دل جاں سے عزیز رکھتے ہیں"۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ریشم کی جانب سے جاوید اختر کے ہمراہ  فیسٹیول  کی تصویر شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا گیا تھا۔

بعض سوشل میڈیا صارفین کا یہ بھی کہنا ہے کہ "جاوید اخترجیسے لوگوں کو چونکہ انڈیا میں ہی رہنا ہے توانہیں اپنی اوراپنے بچوں کی جان پیاری ہے۔اس لئے اس طرح کے بیانات دیتے ہیں"۔

 سوشل میڈیا صارفین  نے اپنے ٹویٹس میں ڈی جی آئی ایس پی آر سمیت دیگراعلی حکام کو ٹیگ کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے شدت پسندانہ سوچ رکھنے والے بھارتی اداکاروں، ادیبوں کو پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے اورجاوید اخترکو مدعو کرنے والوں سے بھی پوچھ گچھ ہونی چاہئے۔

 یاد رہے کہ بھارتی میڈیا جاوید اختر کے اس بیان کو خوب اُچھال رہا ہے جبکہ اداکارہ کنگنا رناونت نے بھی جاوید اختر کے اس بیان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں  خوب سراہا اور کہا کہ "جاوید اختر نے پاکستان کو گھر میں گُھس کر مارا ہے"۔

مزید :

تفریح -