ہمیشہ دنیا میں پہلے تو کام بولتا ہے۔۔۔
ہمیشہ دنیا میں پہلے تو کام بولتا ہے
پھر اس کے بعد ہمارا یہ نام بولتا ہے
نہیں سنیں گے مسائل کسی کے دفتر میں
وہ جن کے پیٹ میں بھائی حرام بولتا ہے
بڑی ہی مانگ ہے اس کی چہار عالم میں
ہمارے شہر کا سر چڑھ کے آم بولتا ہے
یہ میں نہیں ہوں جو اتنے ادب سے بولتا ہوں
یہ باپ دادا کا کہنہ نظام بولتا ہے
جو آج زندہ ہیں غالب تو اتنا دھیان رہے
ہماری اردو میں ان کا کلام بولتا ہے
کلام :راؤوحیداسد
