کچہ کے علاقوں میں حکومتی رٹ ہر صورت برقرار رکھیں گے، آئی جی پنجاب

   کچہ کے علاقوں میں حکومتی رٹ ہر صورت برقرار رکھیں گے، آئی جی پنجاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب پولیس عبدالکریم کی زیر صدارت کچہ ایریا میں جاری پولیس آپریشن کے حوالے سے فالو اپ اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا جس میں علاقے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے پولیس انفراسٹرکچر اور آپریشنل سٹریٹیجی کو مزید مضبوط بنانے بارے تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں کچہ ایریا میں امن و امان کی صورتحال کو مستقل بنیادوں پر بہتر بنانے کیلئے سکیورٹی اقدامات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں کچہ ایریاز میں انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت اور روزگار سے متعلق تمام ترقیاتی منصوبوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔  کچہ کے علاقوں میں حکومتی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی اور شرپسند عناصر کو دوبارہ قدم جمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے کچہ پولیس آپریشن کیلئے بھرپور سرپرستی اور ضروری وسائل کی فراہمی پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ بھی ادا کیا۔

آئی جی پنجاب نے بتایا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت سکیورٹی انفراسٹرکچر، ہیومن ریسورس، لاجسٹکس اور مختلف منصوبوں کی تکمیل کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ کچہ ایریا میں قائم تھانوں اور چوکیوں کیلئے مزید بلٹ پروف گاڑیاں، جدید تھرمل امیجنگ کیمرے، کواڈ کاپٹرز اور دیگر جدید آلات کی خریداری عمل میں لائی جائے گی۔اس موقع پر کچہ کے حساس مقامات اور اہم تنصیبات کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مؤثر مانیٹرنگ کیلئے جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس، ڈی آئی جی ویلفیئر، ڈی آئی جی لیگل، اے آئی جی پروکیورمنٹ، اے آئی جی ڈویلپمنٹ اور اے آئی جی لاجسٹکس سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی جبکہ ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب، آر پی او بہاولپور، آر پی او ڈیرہ غازی خان اور کچہ ایریا کے متعلقہ ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔

مزید :

علاقائی -