آئین، قانون اڈیالہ جیل میں قید ہوکر رہ گیا، سہیل آفریدی
پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین و قانون بھی اڈیالہ جیل میں قید ہوکر رہ گیا ہے ہم میں مزید تشویش بڑھ رہی ہے، اب بھی ذاتی معالج تک رسائی نہیں دی گئی تو وہ ہمارے لئے اور ملک کیلئے اچھی بات نہیں ہے۔ پاکستان کا میڈیا پنجاب حکومت کا اربوں روپے کا طیارہ خریدنے پر خاموش ہے، غریب عوام کے پیسوں سے طیارہ خریدا جارہا ہے۔وزیر اعلیٰ ہاؤس میں پشاور پریس کلب کے صحافیوں کی حلف برداری کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ تمام نو منتخب ممبران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان کے الیکشن کی طرح کلب نے کبھی اپنا الیکشن ملتوی یا مؤخر نہیں کیا۔ وفاق ہمارا مقروض ہے، پریس کلب کی گرانٹ 10 کروڑ سے بڑھا کر 15 کروڑ کرتا ہوں، ویلی کا ماسٹر پلان ابھی تیار ہونا ہے، صحافیوں کی انڈوممنٹ فنڈز 20 کروڑ سے بڑھا کر 50 کروڑ کرتا ہوں، پی ٹی آئی ہمیشہ چاہتی ہے کہ صحافت مضبوط ہوں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ نہ صرف صحافت بلکہ جمہوریت کے تمام ادارے مضبوط ہوں، باقی صوبوں میں زبان پھسلنے والوں کی ویڈیو چلانے والے صحافیوں کو بھی معاف نہیں کیا جاتا ہے، خیبر پختونخوا 22 سالوں سے دہشتگردی کے زد میں تھا لیکن صحافیوں نے اپنا کام جاری رکھا۔ بانی پی ٹی آئی کے صحت کے معاملہ پر 5 دن پْرامن احتجاج کیا، ہم اپنے قائد کی صحت پر ہم سیاست نہیں کرنا چاہتے، اگر ہم صحت پر سیاست کرتے تو پھر ہمارا رویہ تبدیل ہوتا، عمران خان کو اپنے ذاتی معالج تک رسائی تک نہیں دی جارہی ہے۔ بنیادی حقوق میں قیدی کا علاج واضح ہے۔
سہیل آفریدی
