’’کبھی کبھی پاور پلے میں میچ جیتا نہیں جا سکتا مگر ہارا ضرور جا سکتا ہے‘‘، بھارتی کپتان سوریا کمار یادو کا شکست پر تبصرہ
کولمبو(ڈیلی پاکستان آن لائن) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے اہم مقابلے میں شکست کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادو نے ٹیم کی کارکردگی کا تجزیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیٹنگ میں بہتر شراکت داریاں نہ ہونا ہار کی بڑی وجہ بنی۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سوریا کمار یادو کا کہنا تھا کہ بھارت نے باؤلنگ کا آغاز بہت اچھا کیا اور وہ کھیل میں پوری طرح موجود تھے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ساتویں سے پندرہویں اوور کے درمیان حریف ٹیم نے بہترین بیٹنگ کی، جس کے بعد بھارتی باؤلرز نے دوبارہ اچھا کم بیک کیا۔بھارتی کپتان کے مطابق باؤلنگ تو اچھی رہی لیکن بیٹنگ میں مزید بہتری کی گنجائش تھی۔
سوریا کمار یادو نے ایک اہم نکتے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا، "کبھی کبھی آپ کو یہ سوچنا پڑتا ہے کہ آپ پاور پلے میں میچ جیت تو نہیں سکتے لیکن اسے ہار ضرور سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کو مطلوبہ پارٹنرشپس نہیں مل سکیں، جو کہ کھیل کا حصہ ہے، لیکن وہ اس سے سیکھ کر اگلے میچ میں بھرپور واپسی کریں گے۔
بھارتی کپتان نے اپنے اہم باؤلرز جسپریت بمراہ اور ارشدیپ سنگھ کی جوڑی کو سراہتے ہوئے کہاان دونوں کا کومبینیشن انتہائی مہلک ہے۔دونوں نے مل کر 8 اوورز میں 5 وکٹیں حاصل کیں اور صرف 45 سے 50 رنز دیئے۔
سوریا کمار کے مطابق، دونوں باؤلرز پارٹنرشپ میں اچھی باؤلنگ کرتے ہیں اور ان کا ٹیم میں ہونا ہمارے لیے خوش آئند ہے۔
