یوکرین کا مشرقی علاقوں میں روسی فوج کے حملوں کا الزام
کیف ( آن لائن ) یو کرین نے روس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ مشرقی علاقوں میں اس کی فوج پر حملے کر رہا ہے۔یوکرین کی فوج کے ترجمان اینڈری لیسنکو نے کہا ہے کہ روسی فوج کے یونٹس نے لوہانسک کے علاقے میں یوکرین کے فوجیوں پر حملے کیے ہیں۔لوہانسک کے زیادہ تر علاقے پر روس کے حامی باغیوں کا قبضہ ہے۔ابھی تک یوکرین کے اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے تاہم روس انکار کرتا ہے کہ اس کے فوجی یوکرین میں موجود ہیں لیکن یہ تسلیم کرتا ہے کہ رضا کار باغیوں کی مدد کر رہے ہیں۔فوج کے ترجمان اینڈری لیسنکو نے کہا ہے کہ یوکرین کی فوج نے روس کی مبینہ پیش قدمی کو روک دیا ہے اور علاقے پر اس کا کنٹرول ہے لیکن صورتحال کافی سنگین ہے۔یوکرین اس سے پہلے یوکرین کے مشرقی علاقوں میں روس کے آٹھ ہزار فوجیوں کی موجودگی کا دعویٰ کر چکا ہے۔دوسری جانب روس کی وزارتِ دفاع کے ترجمان میجر جنرل ایگور کیونساکوو نے روسی فوجیوں کی یوکرین میں موجودگی کو مسترد کریے ہوئے ان اطلاعات کو واہم قرار دیا ہے۔ مشرقی یوکرین میں جاری لڑائی میں فریقین بھاری ہتھیار استعمال کر رہے ہیں،یوکرین کے مشرقی علاقوں لوہانسک اور دونیتسک میں ہونے والی لڑائی میں شدت آنے کے بعد بین الاقوامی مبصرین نے علاقے کی مجموعی سکیورٹی کی صورتحال تیزی سے خراب ہونے کے بارے میں خبردار کیا ہے۔