فٹنس مسائل ،مصباح کی نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز اور ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک

فٹنس مسائل ،مصباح کی نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز اور ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک

                                    اسلام آباد (اے پی پی) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور سینئر بلے باز مصباح الحق کی فٹنس مسائل کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز اور آئی سی سی ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک ہو گئی۔ مصباح الحق گزشتہ ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے دوران ہیمسٹرنگ انجری میں مبتلا ہو گئے تھے۔ بدھ کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مصباح نے انجری کے بعد ایک بھی میچ نہیں کھیلا کیونکہ وہ سو فیصد ٹھیک نہیں تھے اسلئے ان کی نیوزی لینڈ کے خلاف شیڈول ون ڈے سیریز اور اس کے بعد آئی سی سی ورلڈ کپ میں شرکت تا حال غیر یقینی صورت حال کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ میگا ایونٹ کا کاﺅنٹ ڈاﺅن شروع ہو چکا ہے لیکن مصباح ابھی تک سو فیصد فٹنس حاصل نہیں کر سکے، ورلڈ کپ کرکٹ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ ہے اسلئے اس میں شرکت کرنے والے ہر کھلاڑی کا ذہنی اور جسمانی طور پر مکمل فٹ ہونا ضروری ہوتا ہے کیونکہ چھوٹی انجری سے بھی بڑے نقصان کا خدشہ ہوتا ہے۔ حکام نے بتایا کہ اگر مصباح سو فیصد فٹ نہ ہوئے تو ان کی جگہ سٹار آل راﺅنڈر شاہد خان آفریدی کو ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری دی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر مصباح انجری سے چھٹکارا پانے میں کامیاب نہ ہوئے تو ٹور سلیکشن کمیٹی ان کی جگہ متبادل کھلاڑی کا فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ مصباح جلد مکمل فٹ ہو جائیں گے کیونکہ یہ ان کے کیریئر کا معاملا ہے، ہماری بھی خواہش ہے کہ وہ فٹ ہو کر دوبارہ ٹیم جوائن کریں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...