شاہدآفرید ی کی تیزترین سنچری کا ریکارڈ دوبارہ بنانے کی خواہش

شاہدآفرید ی کی تیزترین سنچری کا ریکارڈ دوبارہ بنانے کی خواہش

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راﺅنڈر شاہد خان آفریدی نے تیز ترین سنچری کا ریکارڈ دوبارہ اپنے نام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ دورہ نیوزی لینڈ اور ورلڈکپ 2015ئ کے دوران ریکارڈ دوبارہ اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے۔ بھارتی ویب سائٹ کے دیئے گئے ایک انٹرویو میں شاہد آفریدی نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ سے قبل تیز ترین سنچری کا ریکارڈ میرے سمیت سب کیلئے بہترین تحفہ ہو گا۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ اس طرح کا ریکارڈ بنانے کیلئے کوئی حکمت عملی طے نہیں کی جاتی البتہ جب کسی کھلاڑی کا خاص دن ہو اور اعتماد کی کمی نہ ہو تو اس طرح کے ریکارڈ بن جاتے ہیں۔ بوم بوم آفریدی کا کہنا تھا کہ ڈی ویلیئرز جیسے کھلاڑی نے تیز ترین ففٹی اور سنچری کا ریکارڈ اپنے نام کیا ہے اور اس پر بہت خوشی ہے۔ واضح رہے کہ 17 سال قبل شاہد آفریدی نے سری لنکا کے خلاف 37 گیندوں پر 102 رنز بنا کر تیز ترین سنچری کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا جبکہ گزشتہ سال نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 36 گیندوں پر سنچری بنا کر یہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا تھا تاہم گزشتہ دنوں جنوبی افریقہ کے کپتان اور مایہ ناز کھلاڑی ڈی ویلیئرز نے ویسٹ انڈیز کے خلاف صرف 31 گیندوں پر سنچری بنا کر تیز ترین سنچری کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...