ملک کے موجودہ حالات خصوصی اقدامات کے متقاضی ہیں، محمد یاور زمان

ملک کے موجودہ حالات خصوصی اقدامات کے متقاضی ہیں، محمد یاور زمان

لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر آبپاشی میاں محمد یاور زمان نے کہا ہے کہ موجودہ حالات خصوصی اقدامات کے متقاضی ہیں ہمیں انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں ،انتظامی محکموں اور تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر مشترکہ لائحہ عمل پر عمل در آمد کو یقینی بنانا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر کے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈی سی او قیصر سلیم ،اے ڈی سی شیخ فرید احمد ،ای ڈی او ایجوکیشن افتخار حسن بٹ سمیت دیگر سرکاری افسران بھی ان کے ہمراہ تھے صوبائی وزیر نے کہا کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے سربراہان بھی سیکیورٹی کے حوالہ سے حکومتی ہدایات پر عمل در آمد کو یقینی بنائیں۔

حکومت نے پبلک اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا طلباء ،اساتذہ کرام اور دیگر سٹاف کی سیکیورٹی اور پرسکون ماحول میں تعلیمی سرگرمیوں کو احسن انداز میں جاری رکھنے کیلئے ایکشن پلان پر سو فیصد عمل در آمد یقینی بنا یا گیا ہے انہوں نے ہدایت کی کہ سکول اور کالج انتظامیہ سیکیورٹی انتظامات کے نام پر بچوں میں خوف و ہراس نہ پھیلائیں اور سیکیورٹی انتظامات احسن انداز سے کریں۔انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے سیکیورٹی گارڈز کی بھی تربیت کے لئے اقدامات کئے جائیں اور کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لئے طلباء طالبات کو بھی ٹریننگ دی جائے ۔۔صوبائی وزیر نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کے انتظامات کے ساتھ ساتھ ہم میں سے ہر شخص کو ایک ذمہ دار شہری کا بھی فرض نبھانا ہے ہمیں اپنی صفوں میں انتشار ڈالنے کی ہر کو شش کو ناکام بنانے کے لئے اپنی صفوں میں مزید اتفاق و اتحاد پیدا کرنا ہے انشا ء اللہ ہم متحد ہو ان دہشت گردوں کو شکست دیں گے اور پاکستان کو ایک روشن خیال پر امن ترقی پسند خوشحال ملک بنائیں گے۔سیکیورٹی کی ناقص صورتحال کے پیش نظر انہوں نے علی ٹرسٹ گرلز ہائی سکول کو شو کاز نوٹس جاری کرنے کا حکم بھی دیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...