لاہور اور کراچی چیمبر تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کریں گے

لاہور اور کراچی چیمبر تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کریں ...

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل، علاقائی تجارت کے فروغ، غیر روایتی مارکیٹوں تک رسائی اور پاکستان کے دیگر ممالک کے ساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹس کو پوری طرح فعال کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے۔ یہ فیصلہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر اور کراچی چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد اسلم کسمبی کے درمیان ہونے والی ملاقات کے موقع پر کیا گیا۔

 دونوں چیمبرز نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ اپنی ریسرچ رپورٹس کا تبادلہ کریں گے اور تحقیق و ترقی کے شعبے میں مشترکہ تعاون کو فروغ دیں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ نجی شعبے کی ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، تجارتی و معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے لاہور چیمبر کراچی چیمبر کے ساتھ م کر کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر اپنے ممبران کو جی ایس پی پلس سٹیٹس کے متعلق شعور و آگہی دینے کے لیے بہت سے اقدامات اٹھارہا ہے تاکہ وہ اس سے بھرپور فائدہ اٹھاسکیں۔ انہوں نے کراچی چیمبر کے سینئر نائب صدر کو آگاہ کیا کہ لاہور چیمبر نے 2012 میں عالمی معیار کا ثالثی سنٹر قائم کیا تھا جس کا مقصد تاجر برادری کے کاروباری تنازعات عدالت سے باہر نمٹانے میں مدد فراہم کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے تاجر لاہور چیمبر کے ثالثی سنٹر سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے مقامی اور بین الاقوامی تنازعات خوش اسلوبی سے نمٹا چکے ہیں۔

مزید : کامرس


loading...