کسانوں کو سستی مشینری کی فراہمی کیلئے غیرملکی کمپنیوں سے بات ہوگی

کسانوں کو سستی مشینری کی فراہمی کیلئے غیرملکی کمپنیوں سے بات ہوگی

لاہور(پ ر)صوبائی سیکرٹری زراعت راشد محمود لنگڑیال نے کہا ہے کہ چھوٹے کاشتکاروں کو سستی اور ان کی ضرورت سے ہم آہنگ درآمدی فارم مشینری کیلئے خاطر خواہ سبسڈی کی تجویززیرغور ہے جس کیلئے جلدہی چین‘ جاپان‘ جنوبی کوریا اوربھارت میں فارم مشینری کی کمپنیوں سے بات چیت شروع کی جائے گی۔صوبائی سیکرٹری زراعت نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے نیو سینڈیکیٹ ہال میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمدخاں،ڈی جی ریسرچ پنجاب ڈاکٹر عابد محمود اور زرعی ماہرین پر مبنی تھنک ٹینک سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں پانچ لاکھ سے زائد ٹریکٹرزکے ساتھ خطے کے دوسرے ممالک کے مقابلہ میں انتہائی کم ہارس پاور دستیاب ہے جسے فوری طور پر کم سے کم دوگنا کرنے کیلئے حکمت عملی وضع کی جا رہی ہے ۔

جس سے سستی فارم مشینری سے غیر ضروری اخراجات کم کرنے سمیت کسانوں کی آمدنی میں اضافہ میں مدد ملے گی جبکہ سستی فارم مشینری کے ذریعے کھیت کی تیاری اور قابل برداشت اجناس کو کھیت سے اُٹھانے میں غیرضروری تاخیر سے 15فیصد سے زائد نقصان کو روکتے ہوئے کسان کی آمدنی میں اضافہ ممکن بنایا جا سکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں 90فیصد سے زائد چھوٹے کاشتکاروں کو زرعی مشینری تک رسائی نہ ہونے کی وجہ سے کھیت کی تیاری اور برداشت کیلئے غیرضروری انتظار کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے زرعی مشینری کے ماہرین پر زور دیا کہ وہ قابل برداشت فصلوں کی بروقت اور تاخیر سے ہارویسٹ کے محرکات و مضمرات کا احاطہ کرتے ہوئے ممکنہ فوائد اور نقصان کی قابل بھروسہ معلومات مہیا کریں تاکہ زمینی حقائق کا صحیح ادارک کرتے ہوئے قابل عمل حکمت عملی وضع کی جا سکے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمدخاں نے کہا کہ کم علمی کی وجہ سے ہمارے کھیتوں میں معمولی کاموں کیلئے بھی پچاس ہارس پاور کا ٹریکٹر استعمال کیا جا رہا ہے جس کیلئے حقیقی ضرورت سے ہم آہنگ زرعی مشینری کو نہ صرف فروغ دینا ہوگا بلکہ اس کے سپیئر پارٹس کیلئے بھی خاطر خواہ سبسڈی مہیا کرنا ہوگی تاکہ پورے صوبے میں ان کا یکساں فروغ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تیار ہونیوالی زرعی مشینری مہنگی ہونے کی وجہ سے چھوٹے کاشتکار کی پہنچ سے باہر ہے جس کیلئے درآمدی مشینری اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔اجلاس سے ڈی جی ریسرچ پنجاب ڈاکٹر عابد محمود‘ ڈائریکٹر ریسرچ جامعہ زرعیہ ڈاکٹر آصف علی‘ چیئرمین فارم مشینری ڈاکٹر منظور احمدچوہدری و دیگر نے بھی خطاب کیا۔    

مزید : کامرس


loading...