آٹوموبیل سیکٹر میں ایل پی جی کے استعما ل کیلئے اقدامات اٹھائے ‘ فاروق افتخار

آٹوموبیل سیکٹر میں ایل پی جی کے استعما ل کیلئے اقدامات اٹھائے ‘ فاروق افتخار

لاہور ( کامرس رپورٹر) ایل پی جی ایسوسی ایشن آف پاکستان نے حکومت پر زور دیا ہے کہ آٹوموبیل سیکٹر میں ایل پی جی کے بطور ایندھن استعما ل کو فروغ دینے کے لیے اقدامات اٹھائے کیونکہ اس سے نہ صرف مستقبل میں ایندھن کے بحران سے بچا جاسکے گا بلکہ آئل امپورٹ بل بھی کم ہوگا جو بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے کی بڑی وجہ ہے۔ ایک بیان میں ایل پی جی ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین فاروق افتخار نے کہا کہ ملک کو توانائی کے بحران سے بچانے کے لیے ایسوسی ایشن حکومت کی مدد کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل پی جی ایسوسی ایشن آف پاکستان پہلے ہی ایل پی جی کی قیمتیں کم کرکے حکومت سے تعاون کررہی ہے جس کا وعدہ وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی اور اوگرا کے نمائندوں سے 24دسمبر کو ملاقات کے موقع پر کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بہت زیادہ طلب کے باوجود ایل پی جی ایسوسی ایشن نے صارفین کے مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے ایل پی جی کی قیمتیں کم کیں اور آج ایل پی جی اسی قیمت پر فروخت ہورہی ہے جس کی تشہیر کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایل پی جی ایسوسی ایشن آف پاکستان کی ملک سے وابستگی کا ثبوت ہے کہ ملک میں پٹرول کے سنگین بحران کے باوجود ایل پی جی ہر وقت وافر مقدار میں موجود رہی۔

فاروق افتخار نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ایل پی جی پروڈیوسرز کی پیداواری لاگت میں بھی کمی لانے کےلئے اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر اوپیک ممالک نے تیل کی پیداوار میں کمی کی تو پاکستان کو پٹرولیم مصنوعات کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے لہٰذا حکومت آٹوموبیل سیکٹر میں ایل پی جی کے بطور ایندھن استعمال کو فروغ دے تاکہ پٹرول اور ڈیزل پر سے انحصار کم ہو۔

مزید : کامرس


loading...