پٹرول کا حالیہ بحران حکومتی اداروں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ‘صدر راولپنڈی چیمبر

پٹرول کا حالیہ بحران حکومتی اداروں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ‘صدر ...

راولپنڈی (کامرس ڈیسک)راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سید اسد مشہدی نے کہا ہے کہ پٹرول کا حالیہ بحران حکومتی اداروں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور اس کا قومی سلامتی کے ساتھ براہ راست رابطہ ہے ،حکومت نے کاروباری برادری کو سہولت دینا تو درکنار عام آدمی کے لئے مسائل پیدا کر دئیے ہیں ،عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں 60فیصد کمی ہوئی جبکہ ملک میں محض 27فیصد کمی کی گئی،وزارت پٹرولیم کی بیان کردہ توجیہات سمجھ سے باہر ہیں ،عام آدمی بھی جانتا ہے کہ سردیوں میں سی این جی کی بندش سے پٹرول کی کھپت میں اضافہ ہو جاتا ہے تو حکومت کیوں سو رہی تھی،پی ایس او کی چیخ و پکار پر بھی توجہ نہ دی گئی ،وزارت تجارت اور وزارت پٹرولیم اپنی ذمہ داریاں قبول کریں اور قلت کے فوری خاتمے کے اقدامات اٹھائے جائیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر میں تاجروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سینئر نائب صدر میاں ہمایوں پرویز، نائب صدر صبور ملک،ارکان مجلس عاملہ اور دیگر ممبران چیمبر بھی موجو دتھے۔ اسد مشہدی نے کہا کہ ملک کی تقدیر بدلنے کے وعدے عوام کیلئے سراب ثابت ہوئے ہیں ، جس ملک میں پبلک ٹرانسپورٹ ، ایمرجنسی سروس،صحت و تعلیم اورآمد رفت کے دیگر ذرائع معطل ہو جائیں وہاں ترقی کیسے آئے گی ،اوگرا کو قربانی کا بکرا بنانے یا کسی دوسرے کو مورد الزام ٹھہرانے سے بہتر ہے کہ حکومتی ادارے اپنی نا اہلی کوقبول کریں اور ملوث اور نا اہل افراد کے خلاف کارروائی کیجائے ، قومی سلامتی کے اس اہم ایشو میں غفلت کی کوئی گنجائش نہیں ہو نی چاہیئے ۔صدر راولپنڈی چیمبر نے کہا کہ حالات بتا رہے ہیں کہ آنے والا بحران بجلی کی شدید ترین لوڈشیڈنگ کا ہو گا کیونکہ ملک میں فرنس آئل کی قلت پیدا ہو گئی ہے اور حکومتی سست روی اور ناقص پالیسیوں سے کاروباری سرگرمیوں کو پہلے ہی نقصان پہنچ رہا ہے او اب حالات عام آدمی کو متاثر کر رہے ہیں ، ملکی ضروریات کا 60فیصد پٹرول پی ایس او جبکہ 40فیصد نجی کمپنیاں فراہم کرتی ہیں حکومت غلط پالیسیوں کی وجہ سے پی ایس او 284ارب روپے کا نا دہندہ ہو چکا ہے ،سرکاری آئل کمپنی اکتوبر تا دسمبر2014کے دوران ملکی اور بین الاقوامی اداروں کو بروقت ادائیگی میں 26بار نا کام ہوچکی ہے جس پر بیشتر آئل کمپنیوں نے ادارے کو تیل کی سپلائی بند کر رکھی ہے ۔کاروباری برادری حکوت سے مطالبہ کرتی ہے کہ تمام مسائل کا دیرپہ حل نکالا جائے اور بحران میں ملوث افسران اور وزراءکے حلاف ایکشن لیا جائے ۔

مزید : کامرس


loading...