بینک آف آزاد جموں و کشمیر نے دوگنا سے زیادہ منافع کمایا ، شاہد شہزاد میر

بینک آف آزاد جموں و کشمیر نے دوگنا سے زیادہ منافع کمایا ، شاہد شہزاد میر

مظفر آباد (این این آئی)بینک آف آزاد جموں و کشمیر نے 2014میں گزشتہ سال کے مقابلے میں دوگنا سے زیادہ منافع کمایا جبکہ تمام اہداف کو نہ صرف پورا کیا بلکہ انہیں عبور کر لیا۔ بینک نے اپنی اس کارکردگی کو سامنے رکھتے ہو ئے سال 2015کا بزنس پلان تیار کر لیا ہے۔ جسے منظوری کے لئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے آئندہ کے اجلاس میں پیش کیا جائےگا۔ان خیالات کا اظہار بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے چیف فنانشل آفیسر شاہد شہزاد میر نے بینک کی مینجمنٹ کمیٹی کے ایک اجلاس میں کیا۔ زرائع کے مطابق انھوں نے اجلاس کو بتایا کہ کشمیر بینک نے گزشتہ سال کے مقابلے میں 105فی صد زیادہ منافع کمایا۔ جو کہ بینک کے قیام کے بعد سے 8برسوں میں کمایا گیا سب سے زیادہ منافع ہے۔ اس طرح بینک ریاست کا سب سے زیادہ منافع کمانے والا واحد ادارہ بن گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس کو بتایا گیا کہ بینک کے رواںسال کے بزنس پلان میں شیڈولڈ سٹیٹس دلاناترجیحات میں سر فہرست ہے جس کےلئے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ اعلیٰ سطح پر مثبت بات چیت آخری مراحل میں ہے ۔ علاوہ ازیں کشمیر بینک نے نوجوان ، ہنر مند بے روزگار افراد کو روزگار فراہم کرنے اور ریاستی پیداوار میں اضافے کے لئے کم آمدن والے طبقے کو فوکس کر رکھا ہے۔

اس کے لئے مختلف سکیمیں حکومتی محکمہ جات کے تعاون سے شروع کر د ی گئی ہیں۔ تا کہ یہ بینک مزید بہتر طریقے سے ریاست کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔

مزید : کامرس


loading...