3ہفتے گزر گئے ، نوجوان کے قاتلوں کو پولیس گرفتار نہ کر سکی، بیوہ کو ملزمان کی دھمکیاں

3ہفتے گزر گئے ، نوجوان کے قاتلوں کو پولیس گرفتار نہ کر سکی، بیوہ کو ملزمان کی ...

لاہور(کرائم سیل) رائے ونڈ کے علاقہ میں 3 ہفتے قبل قتل ہونے والے نوجوان کے قاتلوں کو پولیس تاحال گرفتار نہ کر سکی ،ملزمان کی جانب سے مقتول کی بیوہ کو دھمکیاں ملنے لگیں ،اعلٰی حکام انصاف دلائیں ،متاثرہ خاتون کی اپیل۔تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ کے علاقہ کے رہائشی 27سالہ محمد سلیم عمر کو ملزمان شاہد اور منیر نے بچوں کے جھگڑے کے دوران فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے تھے ۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف نامزد مقدمہ نمبر 1392/14 مورخہ 28دسمبر 2014 کو تھانہ رائے ونڈ سٹی میں درج کیا ۔ مقتول کی بیوہ نسرین نے نمائندہ\" پاکستان\" سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے تین ہفتوں سے زائد وقت گزر جانے کے باوجود مرکزی ملزمان کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا ہے اور وہ علاقہ میں آزادانہ گھوم پھر رہے ہیں ۔اس نے مزید کہا کہ وہ مقدمہ کی پیروی کے لیے کئی بار تھانے گئی لیکن پولیس اہلکار اسے ٹرخا دیتے ہیں جبکہ دوسری جانب ملزمان کے ساتھیوں کی جانب سے اسے لگا تار جان سے مار دینے کی دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں ۔پولیس اہلکاروں نے ملزمان سے مبینہ طور پر رشوت لے کر انہیں کھلی چھٹی دے دی ہے ۔پولیس حکام سے اپیل ہے کہ واقعہ کا نوٹس لے کر نہ صرف ملزمان کو گرفتار کیا جائے بلکہ کرپٹ پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے۔اس حوالے سے تھانہ رائے ونڈ میں رابطہ کیا گیا تو موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ مقدمہ کی تفتیش کی جا رہی ہے،مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے ،رشوت لینے کے الزام میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

مزید : علاقائی


loading...