پیپلز پارٹی ہاتھ دکھا گئی،تحریک انصاف کے 4ارکان سندھ اسمبلی کے استعفے منظور

پیپلز پارٹی ہاتھ دکھا گئی،تحریک انصاف کے 4ارکان سندھ اسمبلی کے استعفے منظور ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                      کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک +اے این این) سینیٹ کے الیکشن کا شیڈول جاری ہوتے ہی سندھ اسمبلی سے تحریک انصاف کے چار ارکا ن کے استعفے 5ماہ بعدمنظورکرکے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ ان خالی نشستوں پر انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کو آگاہ کر دیا گیا،ثمرعلی خان، خرم شیر زمان، سید حفیظ الدین اور ڈاکٹر سیما ضیا ءنے ستمبر میں استعفے دئیے تھے،ایوان بالا کے الیکشن میں ان استعفوں کا نقصان تحریک انصاف کو جبکہ فائدہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو ہو گا۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران میںسپیکرآغا سراج درانی نے تحریک انصاف کے چار مستعفی ارکان کے استعفے منظور کر لئے اور اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس میں الیکشن کمیشن کو چاروں حلقوں میں نشستیں خالی ہونے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان حلقوں میں ضمنی الیکشن کرائے جائیں۔ تحریک انصاف کے ارکان خرم شیر زمان ، سید حفیظ الدین ، ڈاکٹر سیما ضیا اور ثمر خان نے ستمبر 2014 میں استعفے دیئے تھے تاہم سپیکر اسمبلی نے اب تک انفرادی تصدیق نہ ہونے کے باعث استعفے منظور کرنے سے انکار کیا تھا۔تحریک انصاف کے رکن حفیظ الدین پی ایس 93، خرم شیرزمان پی ایس 112، ثمر علی پی ایس 113سے منتخب ہوئے جبکہ سیماضیاءخواتین کی مخصوس نشست پر رکن بنیں۔سپیکر سراج درانی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے ساتھ معاملات طے کرنے کی پوری کوشش کی ، ستمبر میں اس کے ارکان نے استعفے دیئے ،ہم نے انہیں کافی وقت دیا لیکن وہ اسمبلی میں واپس نہیں آئے ہم نے سندھ اسمبلی کے چاروں ارکان کے استعفے منظور کر لیے ہیں۔اب وہ سمجھتے ہیں کہ ان کے استعفوں کی منظوری کو مزیدٹالنا بہتر نہیں تھا،اس لئے انہوں نے استعفے منظور کرکے الیکشن کمیشن کو بھجوادیئے ہیں تاکہ ان حلقوں میں دوبارہ انتخابات کرائے جاسکیں ۔ تحریک انصاف کے عارف علوی نے استعفوں کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے استعفے منظور ہونے کیلئے دیئے تھے ، سندھ اسمبلی کی طرح پنجاب اور وفاق میں بھی استعفے منظور کیے جائیں۔

مزید :

صفحہ اول -