پاکستانیوں کا خون بہانے والے وحشی درندوں کیخلاف فیصلہ کن جنگ لڑی جا رہی ہے ،شہباز شریف

پاکستانیوں کا خون بہانے والے وحشی درندوں کیخلاف فیصلہ کن جنگ لڑی جا رہی ہے ...

 لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ نیشنل ایکشن پلان دہشت گردی وانتہاء پسندی کے خاتمے کا متفقہ لائحہ عمل ہے ۔پاکستانیوں کا خون بہانے والے وحشی درندوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑی جارہی ہے ۔پاکستان کی بقاء، استحکام،ترقی و خوشحالی اور آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے ہمیں یہ جنگ ہر قیمت پر جیتنا ہے اور پاک سرزمین کو امن اور انسانیت کے دشمنوں کے ناپاک وجود سے پاک کرنا ہے۔ پوری قوم دہشت گردوں کو کچلنے کیلئے متحد اور پرعزم ہے۔دہشت گردوں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی۔ دہشت گردوں نے پشاور کے آرمی پبلک سکول میں معصوم بچوں اور اساتذہ کا خون بہا کر قوم کو غم اورزخم دےئے ہیں ۔دہشت گردوں کو بہائے گئے ہر خون کے قطرے کا حساب دینا ہوگا۔دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑپھینکنے کا وقت آگیا ہے ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار یہاں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں دہشت گردی بڑی رکاوٹ ہے۔ دہشت گردی اور بدامنی کی آگ نے قومی معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے ۔ترقی کے سفر میں بھی دہشت گردی بڑی رکاوٹ ہے ۔ملک سے دہشت گردی کے عفریت کا خاتمہ کرکے بانیان پاکستان کے تصورات کے مطابق پاکستان کو ایک خوشحال، پرامن اورفلاحی ریاست بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پرامن معاشرے کی تشکیل کیلئے ہر فرد کو اپنا کردارادا کرنا ہے۔نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد سے ملک سے ہمیشہ کیلئے دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا۔قومی قیادت کا عزم اوراتحاد دہشت گردوں کیلئے عبرتناک انجام کا پیغام ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی ،انتہاء پسندی اورفرقہ واریت کے خاتمے کیلئے اجتماعی اقدامات کیے جارہے ہیں اور معصوم زندگیوں سے کھیلنے والوں کے خلاف جنگ میں جیت انشاء اللہ 18کروڑ عوام کی ہی ہوگی۔ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ پوری قوم کامتفقہ فیصلہ ہے اوراس مقصد کیلئے سنجیدہ کاوشیں بار آور ثابت ہونگی اورپاکستان ایک بار پھر امن کا گہوارہ بنے گا۔آگ اورخون کی ہولی کھیلنے والوں کایوم حساب آگیا ہے۔ دہشت گردی کو جڑسے اکھاڑ پھینکنا ہر پاکستانی کی آواز ہے ۔دہشت گردوں نے ہمارے بزرگوں ،نوجوانوں،خواتین، بچوں، پاک فوج کے افسران و جوانوں،پولیس کے افسران و اہلکاروں اورعام پاکستانیوں کا بے دردی سے خون بہایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت کا خاتمہ وقت کی ضرورت ہے،پوری قوت کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں آگے بڑھ رہے ہیں۔پاک افواج جرأت اور بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کررہی ہیں۔پوری قوم دہشت گردی کے عفریت سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی حامی ہے۔انہوں نے کہاکہ دنیا کے تمام مذاہب بچوں سے شفقت کا درس دیتے ہیں لیکن انسانوں کے روپ میں درندوں نے پشاور کے آرمی پبلک سکول میں معصوم بچوں کو مسل دیا۔یہ درندے کسی رعایت اورنرمی کے مستحق نہیں ہیں۔وزیراعظم نواز شریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کیلئے قومی قیادت کی مشاورت سے متفقہ لائحہ عمل بنایا ہے اوردہشت گردی کے خاتمے کیلئے دلیر انہ فیصلے کیے ہیں۔انشاء اللہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ضرور جیتیں گے اورپاکستان کو ایک بار پھر امن وسلامتی کا گہوارہ بنا کر دم لیں گے۔

مزید : صفحہ اول


loading...