حکومت عوام کو ریلیف کی بجائے تکلیف دے ر ہی ہے،منظور وٹو
لاہور( نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے لیے دن بدن ناقابل برداشت مایوسی کا باعث بن رہی ہے کیونکہ وہ انکے مسائل کو حل کرنے کی بجائے انکے لیے مزید مسائل پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی پارٹی انتخابی مہم کے دوران لوگوں کو سبز باغ دکھاتی رہی اور دعویٰ کیا کہ انکے ماہرین کے پاس بجلی کے بحران کو مہینوں میں حل کرنیکا جامع روڈ میپ تیار ہے لیکن اب یہ حقیقت عیاں ہے کہ انہوں نے لوگوں سے ووٹ لینے کی خاطر جھوٹ بولا کیونکہ ڈیڑھ سال بعد بھی یہ بحران سنگین شکل اختیار کر گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اب لوگوں پر مصائب کے پہاڑ کھڑے کر کے انکو سزا دے رہی ہے لیکن اسے یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ لوگ جلد انتقام لے سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ پٹرول کے بحران نے پچھلے 2 ہفتوں سے قومی زندگی کو مفلوج کر رکھا ہے لیکن افسوس کہ حکومتی اکابرین اس کو حل کرنیکی بجائے اسکا ایک دوسرے کو ذمہ دار ٹھہرانے پر زیادہ مصروف دکھاتی دیتے ہیں۔ ا نہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں آدھی سے بھی زیادہ گرنے سے پاکستانی عوام کیلئے خاطر خواہ ریلیف کا باعث ہونا چاہیے تھیں لیکن حکومت کی بد انتظامی کی انتہاء ہے کہ لوگوں کو ریلیف کی بجائے تکلیف دی جار ہی ہے۔