عوامی تحریک اور پی ٹی آئی جمعہ کو یو م عظمت مصطفےٰ ؐ کے طور پر منائینگی

عوامی تحریک اور پی ٹی آئی جمعہ کو یو م عظمت مصطفےٰ ؐ کے طور پر منائینگی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن 23جنوری جمعۃ المبارک کو حضور اکرم ؐ کی شان کے خلاف توہین آمیز خاکے شائع کرنے والے دہشت گردوں اور انسانیت کے بد ترین مجرموں کے خلاف پاکستان سمیت پوری دنیا میں ’’یوم عظمت مصطفےٰ ؐ‘‘ کے طور پر منائیں گی ۔پاکستان عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور تحریک منہاج القرآن کے قائمقام ناظم اعلیٰ جی ایم ملک کے مطابق شب و روز عظمت مصطفےٰ ﷺ کیلئے کوشاں پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کی تمام تنظیمات ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی مدینہ منورہ سے ملنے والے خصوصی ہدایات کی روشنی میں23جنوری جمعۃ المبارک کو ’’ یوم عظمت مصطفےٰ ﷺ‘‘ کے طور پر منائے گی۔توہین آمیز خاکوں کے خلاف ملک کے تمام اضلاع سے اپنے آقا و مولا سے اظہار وفاداری کیلئے عظمت مصطفیٰ ﷺ ریلیاں نکالی جائیں گی ۔محسن انسانیت حضور اکرم ﷺ پر درود و سلام پڑھ کر پوری دنیا کو ان سے وفاداری کا بھر پور پیغام دیا جائے گا ۔عالمی سطح پر گستاخانہ خاکے شائع کرنے والوں کو عالمی سطح دہشت گردی کو فروغ دینے کے جرم میں فوری گرفتار کر کے مقدمہ چلایا جائے ۔پاکستان عوامی تحریک کے اعلامیہ کے مطابق ملک کے تمام اضلاع،تحصیلوں اورٹاؤنز میں23جنوری بروز جمعۃ المبارک’’عظمت مصطفی ﷺ ‘‘ریلیاں نکالی جائیں گی جن میں پاکستان عوامی تحریک، تحریک منہاج القرآن،منہاج القرآن علماء کونسل،منہاج القرآن یوتھ لیگ،مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی و صوبائی ،ضلعی قائدین اور وابستگان کے علاوہ دیگر سیاسی،مذہبی،سماجی اور طلباء تنظیموں کے قائدین و کارکنان کی کثیر تعداد شرکت کر کے حضور اکرم ﷺ سے عہد وفا کا اظہار کریں گے۔ڈاکٹر طاہر القادری نے تمام علماء کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ23جنوری کو اپنی اپنی مساجد میں ’’عظمت مصطفےٰ ﷺ‘‘ کے عنوان سے خطابات کریں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کے تحت ملک بھر میں 23جنوری کو یوم عظمت مصطفےٰ ﷺ کے عنوان سے خصوصی کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ یوتھ لیگ کے نوجوان تمام اضلاع میں پر امن ’’عظمت مصطفےٰ ﷺ ‘‘ ریلیاں نکالیں گے۔

مزید :

صفحہ آخر -