سانحہ کوٹ رادھا کشن ‘3 ملزمان کی درخواست ضمانت ، تفتیشی افسر سے جواب طلب
لاہور (نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ کوٹ رادھا کشن میں ملوث 3 ملزمان کی دائردرخواست ضمانت پر تفتیشی افسر سے جواب طلب کر لیاہے۔ جسٹس عبدالسمیع خان اور جسٹس صداقت علی خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے حارث بشیر سمیت 3 ملزموں کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ ملزموں کے وکیل رائے بشیر احمد نے موقف اختیارکیا کہ پولیس نے ملزمان محمد حنیف ،حارث بشیر وغیرہ کوکوٹ رادھا کشن میں مسیحی جوڑے شمع اور شہزاد کو قتل کرکے بھٹے میں پھینکنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے اور اس کیس میں 500سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جبکہ وقوعہ کی اطلاع فراہم کرنے والے افراد کو بھی کیس میں نامزد کر دیاگیا ہے۔ انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ گرفتار ملزموں کے خلاف واقعہ میں شریک ہونے کا کوئی ثبوت اور گواہ موجود نہیں لہٰذا عدالت ان کی ضمانت منظور کرے۔ ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل پنجاب خرم خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے اس معاملہ پر از خود نوٹس لے رکھا ہے اور29جنوری کو پولیس سے مقدمہ کی از سرنو تفتیش کے بارے میں رپورٹ طلب کررکھی ہے۔ عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد کیس کے تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 2 فروری کو جواب طلب کر لیا۔