این اے 118کے گمشدہ 99تھیلے انکوائری کمیشن غلام حسین اعوان کے سپرد
لاہور(نامہ نگار)این اے 118کے نئے ملنے والے 99تھیلے ضلعی خزانہ آفیسرنے انکوائری کمیشن غلام حسین اعوان کے سپرد کر دیئے گئے ہیں،انکوائری کمیشن نے ناکام امیدوار حامد زمان اور ایم این اے ملک محمد ریاض کو معائنہ میں شامل ہونے کے لئے 23جنوری کے لئے نوٹس جاری کر دیئے ۔تحریک انصاف کے امیدوارحامد زمان نے این اے 118سے مسلم لیگ (ن)سے تعلق رکھنے والے فاتح رکن قومی اسمبلی ملک ریاض کے خلاف الیکشن ٹربیونل میں دھاندلی کا کیس دائر کررکھاہے،جس پر الیکشن ٹربیونل نے دو ماہ قبل انکوائری کمیشن غلام حسین اعوان کو ووٹوں کے معائنہ کی ذمہ داری سونپی تھی۔ الیکشن کمیشن کومعائنہ کے لئے صرف 211پولنگ سٹیشنز کے تھیلے ملے جبکہ 99تھیلے خزانہ آفس کے ریکارڈ میں مکس ہونے کی وجہ سے بروقت دستیاب نہ ہو سکے اور ان کا معائنہ بھی نہ ہو سکا، اب وہ گم شدہ تھیلے ریکارڈ سے مل چکے ہیں اور ان کو انکوائری کمیشن کے سپرد کر دیا گیا ہے انکوائری کمیشن غلام حسین اعوان نے حامد زمان اور ملک ریاض کو معائنہ میں شامل ہونے کے لئے 23جنوری کے لئے نوٹس جاری کر دیئے ہیں ۔فریقین ذاتی طور پر یا اپنے نمائندے معائندہ کے عمل میں شریک ہو سکتے ہیں ۔معائنے کا کام 23جنوری کو ڈی سی او افس نادر ہال میں صبح 9 بجے شروع ہو گا۔