قطر کا فلاحی ادارہ بھکر ،جھنگ میں 150 بستروں پر مشتمل 2 ہسپتال قائم کریگا،سلمان رفیق

قطر کا فلاحی ادارہ بھکر ،جھنگ میں 150 بستروں پر مشتمل 2 ہسپتال قائم ...

لاہور( جنرل رپورٹر) مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ قطر کا فلاحی ادارہ جاسم اینڈ حامد بن جاسم فاؤنڈیشن پنجاب کے پسماندہ اضلاع بھکر اور جھنگ میں 150 بستروں پر مشتمل 2 ہسپتال اور دیہات میں ہیلتھ سینٹرز قائم کرے گا ۔ ہیلتھ سینٹرز میں ایمرجنسی کی سہولیات کے علاوہ ماں بچہ کی صحت اورلیبر روم کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی ۔انہوں نے یہ بات گزشتہ روز ایوان وزیر اعلی میں قطر کے فلاحی ادارے جاسم اینڈ حامد بن جاسم فاؤنڈیشن اور حکومت پنجاب کے درمیان معاہدے کی یادداشت (MOU) پر دستخط کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ قطر کی فاؤنڈیشن کی جانب سے اس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO)سعید مستخارالحجری اور محکمہ صحت کے سیکرٹری جواد رفیق ملک اور سیکرٹری سکولز پنجاب عبدالجبار شاہین نے MOU کی دستاویز پر دستخط کئے۔قبل ازیں جاسم اینڈ حامد بن جاسم فاؤنڈیشن کے CEO سعید مستخار الحجری نے مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے ملاقات کی ۔ وفد کے سربراہ نے خواجہ سلمان رفیق سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی فاؤنڈیشن کا مین فوکس ماں اور بچہ کی صحت ہے اور فاؤنڈیشن کی جانب سے قائم کئے جانے والے ہیلتھ سینٹرز میں ڈلیوری کی سہولیات خصوصی طور پر فراہم کی جائیں گی تا کہ بچوں اور ماؤں کی شرح اموات کو کنٹرول کیا جا سکے ۔ سعید الحجری نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کا ایک بڑا ملک ہے اور محدود وسائل کے پیش نظر فلاحی کاموں میں مدد کر کے قطر کی فاؤنڈیشن اور عوام کو خوشی ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھکر اور جھنگ کے ہیلتھ سینٹرز کیلئے ایمبولینسز بھی فراہم کریں گے اور آئندہ 2 ہفتوں کے دوران فاؤنڈیشن کی جانب سے ایک وفد لاہور آکر ہسپتالوں اور سکولوں کے قیام کے سلسلہ میں صوبائی حکومت کے ساتھ دیگر امور طے کرے گا اور مذکورہ منصوبوں پر بہت جلد کام کا آغاز کر دیا جائے گا ۔

مزید : صفحہ آخر


loading...