ٹی 20سیریز ،شاہین سرخ رو ہوں گے یا کیویز میدان ماریں گے،فیصلہ آج ویلنگٹن میں ہو گا

ٹی 20سیریز ،شاہین سرخ رو ہوں گے یا کیویز میدان ماریں گے،فیصلہ آج ویلنگٹن میں ...

  

ویلنگٹن(آئی این پی) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ(آج) جمعہ کو کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بجے شروع ہوگا۔گرین شرٹس کو کیو یز کیخلاف انکی ہی سرزمین پر ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے والی پہلی ایشیائی ٹیم بننے کیلئے آخری میچ میں فتح درکار ہو گی،دونوں ٹیموں سے فاتح ٹیم آئی سی سی رینکنگ میں پانچویں نمبر پر آجائے گی، قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کئے جانے کا امکان ، صہیب مقصود اور عمر گل کی جگہ محمد رضوان اور انور علی کی ٹیم میں شمولیت کا امکان ہے جبکہ کیویز نے بھی برینڈن میکولم کو طلب کرلیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین ابتک کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچوں میں گرین شرٹس کا پلڑا بھاری ہے ،ابتک دونوں ٹیموں کے مابین 13ٹی ٹوئنٹی کھیلے گئے جن میں سے پاکستان نے 8اور نیوزی لینڈ نے5میچوں میں فتح حاصل کی،نیوزی لینڈ کی سرزمین پر 5ٹی ٹوئنٹی میچز ہوئے جس میں سے میزبان نے 3اور گرین شرٹس نے2 میچ جیتے۔دونوں ٹیموں کی جانب سے میچ جیتنے کے لئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، قومی ٹیم میں ایک سے دو تبدیلیاں کئے جانے کا امکان ہے جب کہ کیویز اسکواڈ میں جارح مزاج بلے باز برینڈن میکیولم کو اہم میچ کے لئے طلب کرلیا گیا ہے۔شاہد آفریدی کی قیادت میں قومی ٹیم میں صہیب مقصود کی جگہ محمد رضوان یا انورعلی کو شامل کیا جاسکتا ہے اور اوپننگ بلے باز احمد شہزاد کو آرام دے کران کی جگہ وکٹ کیپربلے بازسرفرازاحمد کو محمد حفیظ کے ساتھ آزمائے جانے کا قومی امکان ہے۔قومی ٹیم کے ہیڈکوچ وقار یونس نے گزشتہ روز پریکٹس سیشن کے بعد کھلاڑیوں کو میدان میں ہی مختصرلیکچر دیتے ہوئے ان کے حوصلے بلند کئے اور کہا کہ ہیملٹن میں شکست کو بھول کر ویلنگٹن میں نیا میچ نئے جوش اور جذبے کے ساتھ کھیلنے پر ہی کامیابی ملے گی، قومی ٹیم کے پاس گنوانے کے لئے کچھ نہیں، صرف جیت کا عزم لئے میدان میں اترنا ہوگا، کروڑوں شائقین کی نگاہیں گرین شرٹس پر مرکوز ہیں اس لئے ہر کھلاڑی کو پاکستان کے لئے پرفارم کرنے کی سوش لے کر ایک جذبے کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں قومی ٹیم چھٹے اور نیوزی لینڈ معمولی فرق سے ساتویں پوزیشن پر براجمان ہے اور سیریز کا تیسرا میچ جیتنے والی ٹیم ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پانچویں پوزیشن پر آجائے گی۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -